حکومت کی کامیاب پالیسیوں سے شرح نمو 5 فیصد ہو گئی ،سرتاج عزیز
اسلام آباد (این این آئی)ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کی کامیاب پالیسیوں سے شرح نمو 5 فیصد ہو گئی ہے، امن امان کی صورتحال اور لوڈ شیڈنگ پر قابو پایا جا رہا ہے۔ بدھ کو وہ نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز (نمل) کی شعبہ اکنامکس کے زیر اہتمام ’’ایمرجنگ میکرو اکنامکس ایشوز اور درپیش چیلینجز‘‘ کے عنوان سے منعقدہ نیشنل کانفرنس کی افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے سرتاج عزیز نے کہا کہ موجودہ حکومت کی کامیاب پالیسیوں کی وجہ سے شرح نمو 5 فیصد تک جا پہنچی ہے جو ایک بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امن امان کی صورتحال اور لوڈشیڈنگ نے ملکی معیشت کو بہت نقصان پہنچایا لیکن اب حالات تیزی سے بہتر ہو رہے ہیں ۔ عالمی ادارے بھی پاکستان معیشت کے مثبت انڈیکیٹرز بتا رہے ہیں۔ قبل ازیں ریکٹر نمل میجر جنرل (ر) ضیاء الدین نجم نے معزز مہمان کو خوش آمدید کہا۔ کانفرنس میں مختلف یونیورسٹیز کے 8 ریسرچ آرٹیکل پیش کئے گئے۔ اس موقع پر ڈاکٹر وقار مسعود ، ڈین سوشل سائنسز فاطمہ جناح وومن یونیورسٹی ڈاکٹر ناہید ضیا خان،ڈینز، رجسٹرار،صدورشعبہ فیکلٹی ممبران اور طلبہ کی کثیر تعداد بھی شریک تھی۔ کانفرنس کے اختتامی سیشن کے مہمان خصوصی ممبر قومی اسمبلی اسد عمر تھے۔