عمران کو عوام نے مسترد کردیا،پارلیمنٹ نے نواز شریف کو نہیں 20کروڑ عوام کو سرخرو کیا
لاہور(جاوید اقبال) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اور وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ نے نواز شریف کو نہیں بیس کروڑ عوام کو سرخرو کیا ہے ۔وہ پاکستان کے مقبول عام سلسلے ایشو آف دی ڈے میں گفتگو کر رہے تھے سعد رفیق نے کہا کہ پارلیمنٹ نے نواز شریف کو مسلم لیگ ن کی صدارت کا حق دے کر ملک کے بیس کروڑ عوام کی ترجمانی کی ہے۔منگل کے روز جمہوریت دشمن قوتوں کے لیے سیاہ ترین دن کا درجہ رکھتا ہے انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو وزیر اعظم کے عہدے سے تو الگ کر دیا گیا مگر عوام کے دلوں سے کوئی نہیں نکال سکتا۔سعد رفیق نے کہا کہ 2018 میں بھی نواز شریف کی حکومت بنے گی کیونکہ عوام کے دلوں میں نواز شریف رہتا ہے اور وہ ن لیگ کو ہی ووٹ دے کر کامیاب کروائیں گے۔انہوں نے کہا کہ یو ٹرن کے بے تاج بادشاہ عمران خان کو 2013 کے الیکشن میں بھی عوام نے مسترد کیا اور آئندہ2018 میں بھی انہیں منہ چھپانے کے لیے کہیں جگہ نہیں ملے گی انہوں نے کہا کہ تمام تر کوششوں کے باوجود مسلم لیگ ن کا ایک ایم این اے بھی نہیں توڑا جا سکا اور نہ ہی توڑا جائے گا۔