ملک میں بارش برسانے والی ہواؤں کا نیا سلسلہ داخل
لا ہور(کامرس رپورٹر)ملک میں بارش برسانے والی ہواؤں کا نیا سلسلہ داخل ہو گیا جس کے باعث آج سے پنجاب اور بلوچستان کے چند علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہو جائے گا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 12گھنٹوں میں ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گاجبکہ بلوچستان اور جنوبی پنجاب کے چند علاقوں میں مطلع جزوی طور پر ابرآلود رہے گا اور ہلکی بارش کا امکان ہے علاوہ ازیں پنجاب کے بعض میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں صبح کے اوقات میں دھند پڑنے کا امکان ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہا۔گزشتہ روز ریکارڈ کیے گئے سرد ترین مقامات کے درجہ حرارت میں سکردو میں منفی 08، قلات منفی 06، گلگت، استور اور کالام میں منفی 05 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔