حکومت بلوچستان، خیبر پختونخوا کے عوام سے شناخت چھیننا چاہتی ہے: سراج الحق
لاہور ( لیڈی رپورٹر) امیر جماعت اسلامی پاکستان سنیٹر سراج الحق نے کوئٹہ پریس کلب کے ساتھ نادراکے نارواسلوک کے خلاف اور معذورافرادکا اپنے حقوق کیلئے لگائے گئے احتجاجی کیمپس کا الگ ا لگ دورہ کرکے احتجاج پر بیٹھے افراد سے اظہار یکجہتی کیا ۔اس موقع پر ان کے ہمراہ جماعت اسلامی کے صوبائی امیر مولانا عبدالحق ہاشمی ،جنرل سیکرٹری ہدایت الرحمان بلوچ ،صوبائی انفارمیشن سیکرٹری عبدالولی خان شاکر ودیگر بھی تھے ۔نئے شناختی کارڈ کے اجراء وشناختی کارڈبلاک وبند کرنے کے حوالے سے احتجاج پربیٹھے افراد نے سنیٹرسراج الحق کو بتایا نئے شناختی کارڈ بنانے کے حوالے سے بلوچستان کے عوام کیساتھ نادراحکام زیادتی کر رہے ہیں ۔ نت نئے مطالبات اور نارواشرائط لگائی جاتی ہیں بوڑھے بزرگ اورخواتین سمیت عام افراد کے شناختی کارڈ سالوں میں نہیں بنتے ،بعدازاں سنیٹر سراج الحق نے وفد کے ہمراہ معذور افراد کے کیمپ کا دورہ کیا۔ معذورافرادکے ذمہ داران نے مطالبات پیش کرتے ہوئے کہا حکومت نے معذورکو کوئی رعایت سہولت وآسانی فراہم نہیں کی معذور افراد دو وقت کی روٹی،روزگار تعلیم کیلئے ترس رہے ہیں معذوروں کیلئے حکومت انکم سپورٹ پروگرام شروع کرے، معذوروں کو ٹرائی موٹرسائیکل ویل چیئرز،آلہ سماعت ودیگر لازمی ضروری اشیاء ضرورت فراہم کی جائیں تعلیمی اداروں ،این جی ازوزمیں معذوروں کیلئے کوٹہ فراہم کرتے ہوئے اس پرعمل درآمد یقینی بنائیں ۔ اس مو قع پر دونوں کیمپس میں نادراومعذوروں کے مطالبات کی حمایت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے حکومت عوام سمیت معذورطلبہ ،بیواؤں ،یتیموں کے مسائل کی طرف توجہ نہیں دے رہی جس کی وجہ سے عوام سمیت دیگرطبقات بھی متاثر ہیں۔ حکومت غلط پالیسیوں کی وجہ سے ناداربلوچستان وخیبر پختونخواکے عوام سے شناخت بھی چھینناچاہتی ہے شناختی کارڈ میں کوئی نہ کوئی مسئلہ پیداکرکے صارفین کومہینوں سالوں نادرادفاتر کاچکرلگوانے پر مجبور کردیتاہے ۔
سراج الحق