ڈیرہ اسماعیل خان ، دہشتگردوں کیخلاف سکیورٹی فورسز کے سرچ آپریشن میں میجر اسحٰق شہید

ڈیرہ اسماعیل خان ، دہشتگردوں کیخلاف سکیورٹی فورسز کے سرچ آپریشن میں میجر ...

راولپنڈی (مانیٹرنگ ڈیسک،آئی این پی،صباح نیوز) ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشتگردوں کیخلاف سکیورٹی فورسز کے سرچ آپریشن میں میجر اسحق شہید ہوگئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کلاچی میں میں سرچ آپریشن دہشت گردوں کے ٹھکانوں کی اطلاع پر کیا گیا۔ دہشت گردوں کی جوابی کارروائی کے دوران میجر اسحق شہید ہوگئے۔میجر اسحق شہید کی نماز جنازہ ڈی آئی خان میں ادا کی گئی۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اوردیگر اعلیٰ عسکری حکام نے نماز جنازہ میں شرکت کی۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ ہم اپنی دھرتی کودہشت گردوں سے صاف کررہے ہیں لہٰذامادروطن کی حفاظت کا مقدس فریضہ انجام دیتے رہیں گے۔ 28 سالہ میجر اسحق کا تعلق خوشاب سے تھا شہید میجر اسحاق کے پسماندگان میں بیوہ اور ایک سالہ بچہ شامل ہے۔ دریں اثناء آرمی چیف نے کور ملٹری پولیس ٹریننگ سینٹر کا بھی دورہ کیا ۔اور لیفٹیننٹ جنرل انور علی حیدر کو کرنل کمانڈنٹ کے بیجز لگائے ۔ آرمی چیف نے ایف سی ہیڈ کوارٹرز اور ڈیفنس سروسز گارڈسینٹر کا بھی دورہ کیا ۔ اس موقع پر آرمی چیف کو ایف سی کی آپریشنل تیاریوں ، سکیورٹی آپریشنز ،استعداد کار اور تربیتی امور پر بریفنگ دی گئی ۔

مزید : علاقائی