بلوچ ٹرانسپورٹ اور نیو حبیب خان کو سٹینڈ فراہم کرنے کی ہدایت
لاہور(نامہ نگار)لاہور ہائیکورٹ نے بلوچ ٹرانسپورٹ اور نیو حبیب خان ٹرانسپورٹ کو لاری اڈہ میں علیحدہ سٹینڈ فراہم کرنے کی درخواست پر میئر لاہور کو درخواست گزاروں کا موقف سن کر 30 نومبر تک فیصلہ کرنے کا حکم دے دیا ہے ۔جسٹس شمس محمود مرزا نے بلوچ ٹرانسپورٹ اور نیو حبیب خان ٹرانسپورٹ کمپنیوں کی درخواستوں پر سماعت کی، درخواست گزاروں کے وکیل نے موقف اختیار کیاکہ لاری اڈہ ایڈمنسٹریٹر نے درخواست گزاروں کی بسیں مخصوص سٹینڈ پر لگانے سے روک رکھا ہے،ایڈمنسٹریٹر کے حکم پر درخواست گزار ٹرانسپورٹ کمپنیوں کی بسیں مختلف جگہوں پر لگائی جا رہی ہیں، درخواست گزار کے وکیل نے بتایاکہ کمپنیوں کی 100 سے زائد بسیں مختلف سٹینڈ پر لگنے سے کاروبار کو نقصان ہو رہا ہے، بلوچ ٹرانسپورٹ اور نیو حبیب خان ٹرانسپورٹ کمپنیوں کو لاری اڈہ پر ایک مخصوص سٹینڈ فراہم کیا جائے،عدالت نے دلائل سننے کے بعد مئیر لاہور کو حکم دیا ہے کہ درخواست گزاروں کا موقف سن کر 30نومبر تک فیصلہ کریں۔
بلوچ ٹرانسپورٹ