شہلا رضا کے صدارت کرنے پر سندھ اسمبلی کا ماحول پھر کشیدہ

شہلا رضا کے صدارت کرنے پر سندھ اسمبلی کا ماحول پھر کشیدہ

  



کراچی(این این آئی) سندھ اسمبلی میں بدھ کو جب تک اسپیکر آغا سراج درانی اجلاس کی صدارت کرتے رہے ، ایوان کا ماحول خوشگوار رہا اور جیسے ہی ڈپٹی اسپیکر سیدہ شہلا رضا اجلاس کی صدارت کرنے آئیں تو ایوان کا ماحول گرم ہو گیا ۔ ایوان میں پان ، گٹکا اور چیونگم کی بھی باتیں ہوئیں جبکہ پیپلز پارٹی کے رکن میر نادر مگسی کی زبردست ڈرائیونگ کے چرچے بھی رہے ۔ سندھ اسمبلی کا اجلاس پونے 2 گھنٹے تاخیر سے دن کے پونے 12 بجے اسپیکر آغا سراج درانی کی صدارت میں شروع ہوا ۔ وہ بہت خوشگوار موڈ میں تھے اور چٹکلے اور شگوفے چھوڑتے رہے ۔ نند کمار نے کہا کہ دیوان چند صرف گٹکا کھاتے ہی نہیں بلکہ بناتے بھی ہیں ۔ اسپیکر آغا سراج درانی نے نند کمار سے کہا کہ آپ انہیں جیل بھیجنا چاہتے ہیں کیا ۔ ایم کیوا یم کے رکن قمبر رضوی وزیر اعلیٰ سندھ کی مشیر ارم خالد کی جانب دیکھ کر سوال پوچھ رہے تھے تو اسپیکر نے انہیں ٹوک دیا اور کہا کہ ادھر دیکھ کر سوال کریں ، ادھر نہ دیکھیں ۔ اسپیکر کے جملے پر ارم خالد اور قمبر رضوی مسکرا دیئے ۔ اسپیکر آغا سراج درانی نے میر نادر خان مگسی کو کار ریلی جیتنے پر مبارک باد دی اور کہا کہ نادر صاحب آپ ہمیشہ ہی جیت جاتے ہیں ۔ گاڑی تھوڑی آہستہ چلایا کریں تاکہ کوئی اور بھی جیت سکے ۔ آپ ڈرائیونگ اسکول کھولیں ، ہم بھی ڈرائیونگ سیکھ لیں اور دیگر ارکان کو بھی ڈرائیونگ سکھا دیں ۔ وقفہ سوالات کے بعد اجلاس کی صدارت ڈپٹی اسپیکر شہلا رضا نے کی ۔ تحریک انصاف کی خاتون رکن ڈاکٹر سیما ضیاء نے اپنے توجہ دلاؤ نوٹس پر بات کی اور کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ کی مشیر برائے ترقی نسواں ارم خالد نے میرے حوالے سے غلط بیانی کی ہے اور مجھ پر الزام لگایا ہے ۔ ڈپٹی اسپیکر نے ڈاکٹر سیما ضیاء سے کہا کہ آپ تقریر نہ کریں ، اپنے توجہ دلاؤ نوٹس پر بات کریں ۔ ڈاکٹر سیما ضیاء نے کہاکہ میں کیوں بات نہ کروں ۔ میرا استحقاق مجروح ہوا ہے ۔

مزید : علاقائی


loading...