سیاستدان اور حکمران گورننس کے نظام اور معاشرے کی تباہی کے ذمہ دار ہیں : پرویز خٹک

سیاستدان اور حکمران گورننس کے نظام اور معاشرے کی تباہی کے ذمہ دار ہیں : پرویز ...

پشاور(این این آئی)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک ضلع چارسدہ سے معروف سیاسی شخصیت قومی وطن پارٹی کے دیرینہ کارکن حاجی فرمان کی پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا خیر مقدم کیا ہے اور کہا ہے کہ سیاستدان اور حکمران گورننس کے نظام اور معاشرے کی تباہی کے ذمہ دار ہیں۔وہ چاہیں تب بھی نظام کی تباہی کے الزام سے اپنا دامن چھڑا نہیں سکتے۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی موجودہ اتحادی حکومت نے حکمرانی سے متعلق تمام مسائل پر کام کیا ،میرٹ پر فیصلہ سازی کو فروغ دیا، حقدار کو حق اور انصاف کی فراہمی اور صوبہ بھر میں بغیر کسی رکاوٹ کے عوام کی سماجی خدمات تک رسائی یقینی بنائی۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے چارسدہ سے حاجی فرمان کی پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ حاجی فرمان نے قومی وطن پارٹی سے 40 سالہ وابستگی کو خیرباد کہتے ہوئے تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔ فضل محمد خان اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ وزیراعلیٰ نے موصوف کی تحریک انصاف میں شمولیت کو پارٹی کی قیادت اور صوبائی حکومت کی کارکردگی پر اعتما دکا مظہر قرار دیا ۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے عمران خان کے ویژن اور سوچ کے مطابق خیبرپختونخوا میں نظام کی تبدیلی اور عام آدمی کی فلاح کیلئے ساڑھے چار سال عملی اقدامات کئے ہیں جن کی بدولت تحریک انصاف کی عوامی مقبولیت میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے ۔علاقائی امتیازات اورسیاسی وابستگیوں سے بالا تر انسانیت کی یکساں خدمت تحریک انصاف کا منشور ہے اور ہم نے اپنے عمل سے ثابت بھی کیا ہے کہ ہم انسانیت کی فلاح کیلئے کھڑے ہیں۔

پرویزخٹک

مزید : علاقائی