سی پیک مستقبل کی ترقی کا روشن باب خطے میں بے مثال ترقی ہو گی : شہباز شریف

سی پیک مستقبل کی ترقی کا روشن باب خطے میں بے مثال ترقی ہو گی : شہباز شریف

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے چین کے قومی کمیشن ترقی و اصلاحات (این ڈی آر سی)کے وائس چیئرمین وانگ زیوتاؤکی قیادت میں وفد نے وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران پاک چین مشترکہ تعاون کے اجلاس اور سی پیک لانگ ٹرم پلان پر تبادلہ خیال ہوا اورمنصوبے پر کام کی رفتار تیز کرنے اور باہمی تعاون کے فروغ کیلئے متعدد اقدامات پر غور کیاگیا۔ چینی وفد سے گفتگو میں وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا پاک چین اقتصادی راہداری کے عظیم منصوبے کیلئے حکومت اور پاکستان کے عوام عوامی جمہوریہ چین کی قیادت کے شکر گزار ہیں۔سی پیک ایک گیم چینجرہے اوراس منصوبے سے خیبر سے کراچی اور گوادر تک معاشی اور اقتصادی انقلاب برپا ہو گا۔ سی پیک کی منزل خوبصورت ہے اوراس کی خوبصورت تعبیرملنا شروع ہوچکی ہے ۔سی پیک سے ملک میں معاشی ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگااورپاکستان کا شمار صنعتی معیشت میں ہوگا۔ سی پیک کا عظیم منصوبہ اس کی مخالفت کرنے والوں کیلئے بھی یکساں مفید اور اقتصادی طور پرنفع بخش ہے ۔ سی پیک کے بعد پاکستان میں چین کی طرف سے نئے ایئرپور ٹ کی تعمیر کا اعلان چین کا پاکستان کیلئے ایک اور خوبصورت تحفہ ہے جس پر ہم چینی قیادت کے شکرگزار ہیں۔ سی پیک کا گیم چینجرمنصوبہ پاکستان اور چین کے مابین تاریخ کا سب سے بڑا پراجیکٹ ہے جس نے ایک نئی تاریخ رقم کر دی ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان میں چینی زبان اور مختلف شعبوں میں تربیتی سہولیات فراہم کی گئی ہیں تاکہ باہمی صنعت و تجارت میں دونوں ملکوں کے تاجروں ، سرمایہ کاروں اور عوام کو مشکلات پیش نہ آئیں۔ انہوں نے کہاکہ وقت کا تقاضا ہے کہ زراعت کیساتھ ساتھ صنعتی ترقی پر بھی بھرپور توجہ دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک سے خطے میں بے مثال ترقی ہو گی اور ہر اندرونی و بیرونی رکاوٹ کا مقابلہ کرکے سی پیک کے عظیم منصوبے پر کامیابی سے عملدرآمد کیلئے سیاسی و عسکری قیادت کا عزم اور جدو جہد مثالی ہے۔ وزیر اعلی نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری کے عظیم منصوبے کی راہ میں رخنہ ڈالنے والی اندرونی اور بیرونی سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کر رہے ہیں۔ سیاسی اور عسکری قیادت باہم مل کرتین بر اعظموں کی اجتماعی معاشی ترقی اورخوشحالی کے اس مشترکہ منصوبے کوکامیابی سے ہمکنارکرنے کیلئے کوشاں ہیں۔ سی پیک ایک حقیقت اور مستقبل کی ترقی کا روشن باب ہے جس کیخلاف سازشوں کے جال بننے والوں کوناکامی کے سوا کچھ نہیں ملے گا۔سی پیک کے خلاف کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دی جائے گی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ اعلیٰ سطح کے چینی وفد کا حالیہ دورہ پاکستان اور لانگ ٹرم پلان کی منظوری بہت بڑا بریک تھرو ہے۔وزیراعلیٰ نے چینی صدر شی جن پنگ کے نام اور نظریہ کو کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کے آئین میں شامل کئے جانے اورانکو دوسری مدت کیلئے کمیونسٹ پارٹی کا جنرل سیکرٹری منتخب ہونے پرچین کے وفد کو مبارکباددی ہے اورکہا کہ چینی صدر شی جن پنگ کا نظریہ بلند انسانی اقدار اور مفاد عامہ کی وسیع تر سوچ پر مبنی ہے اوروہ دنیا کے ایک ممتاز لیڈر ہیں۔وزیر اعلیٰ محمد شہبازشریف نے وائس چیئرمین این ڈی آر سی وانگ زیوتاؤ اور وفد کے اعزاز میں ظہرانہ دیا۔چینی وفدنے پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پروزیراعلیٰ شہبازشریف سے اظہار تشکرکیا ۔اس موقع پر چینی وفد کے سربراہ و وائس چےئرمین این ڈی آر سی نے پاکستان میں معاشی استحکام اور عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں اور سی پیک کے حوالے سے پرخلوص کاوشوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ سی پیک کے منصوبوں کو جلد مکمل کرنے کیلئے چینی ادارے پوری مستعدی کیساتھ سرگرم عمل ہیں۔وائس چےئرمین این ڈی آر سی نے کہاکہ پاکستان اور چین کی مشترکہ کاوشوں سے سی پیک پر تمام تر توجہ مرکوز ہے جس سے حوصلہ افزاء نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔ این ڈی آر سی کے ڈائریکٹر جنرل لی چیو ڈونگ(Mr.Li Xuedong)اور دیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے جبکہ وفاقی وزیر اویس لغاری ،صوبائی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات ملک ندیم کامران،چین میں پاکستان کے سفیر خالد مسعود، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔دریں اثناء شہبازشریف سے پاکستان میں برطانیہ کے ہائی کمشنر تھامس ڈریونے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور ، پاک برطانیہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر برطانوی ہائی کمشنرتھامس ڈریونے کہا کہ صوبے کی ترقی اورعوام کے معیارزندگی میں بہتری لانے کے حوالے سے شہبازشریف کے اقدامات قابل ستائش ہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب کی قیادت میں تعلیم، صحت اور دیگر سماجی شعبوں کی ترقی کیلئے نتیجہ خیز حکمت عملی اپنائی گئی ہے اور صوبے کی ترقی اورعوام کی خوشحالی کیلئے وزیر اعلی شہباز شریف کے اقدامات قابل تقلید ہیں ۔

شہباز شریف

مزید :

صفحہ اول -