سندھ اسمبلی: ڈپٹی کمشنر سکھر کے خلاف تحریک استحقاق کمیٹی کے سپرد
کراچی(اسٹاف رپورٹر) سندھ اسمبلی نے بدھ کو ڈپٹی کمشنر سکھر کے خلاف ایم کیو ایم کی خاتون رکن ہیر اسماعیل سوہو کی تحریک استحقاق اسمبلی کی استحقاق کمیٹی کے سپرد کر دی گئی ۔ ہیر اسماعیل سوہو نے کہا کہ میں خواتین کی مخصوص نشست پر رکن سندھ اسمبلی ہوں اور میرا تعلق ٹھٹھہ سے ہے ۔ میرے نام پر کمیونٹی ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت جاری کردہ فنڈز ڈپٹی کمشنر سکھر نے منظوری کے بغیر استعمال کر لیے ۔ میڈیا میں یہ خبریں آئی تھیں کہ اپوزیشن کی پانچ خواتین ارکان کو فنڈز جاری کیے گئے ہیں ۔ ڈپٹی کمشنر سکھر کس طرح کسی رکن کا فنڈ استعمال کر سکتا ہے ۔ یہ بہت بڑا فراڈ ہے اور رکن اسمبلی کی حیثیت سے میرا استحقاق مجروح کیا گیا ہے ۔ سینئر وزیر نثار احمد کھوڑو نے کہاکہ کمیونٹی ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت ارکان اسمبلی کو کوئی فنڈ جاری نہیں کیا جاتا ۔ اس طرح کا کوئی فنڈ نہیں ہے ۔ ہم اس معاملے کی تحقیق کریں گے کہ وہ کون سا فنڈ تھا ، جو سکھر میں خرچ ہو گیا ہے