بھارت کشمیر میں مظالم کے پہاڑ توڑ رہا ہے،شیخ عقیل الرحمن
مظفرآباد (بیورورپورٹ)جماعت اسلامی آزادکشمیر کے نائب امیر شیخ عقیل الرحمن نے کہا ہے کہ بھارت کشمیر میں مظالم کے پہاڑ توڑ رہا ہے اور کشمیریوں کا بے دریغ قتل عام کیا جارہا ہے۔ہزاروں کی تعداد میں گمنام قبریں بھی دریافت ہوچکی ہیں جس کے بھارت بھارت دنیا بھر میں بے نقاب ہوچکا ہے۔کشمیریوں کے حق میں کہیں سے بھی آواز نہیں اٹھ رہی ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے ایک بیان میں کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان بھارت سے اس وقت تک اپنے تمام تر تعلقات منقطع کرے جب تک بھارت کشمیریوں کو حق خودارادیت نہیں دیتا ہے ۔اس وقت بھارت کشمیر میں تحریک آزادی کو کچلنے کیلئے ہر طرح کے حربے استعمال کررہا ہے اور کشمیر میں بنیادی انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کا مرتکب ہورہا ہے ۔اقوام متحدہ سمیت دیگر عالمی انسانی حقوق کے اداروں کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے جس کی ہم پرزور مذمت کرتے ہیں اور حکومت پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ تحریک آزادی کشمیر کی عملی حمایت کرے اور بھارت کے مظالم کو دنیا بھر میں بے نقاب کرنے کیلئے اپناکردار ادا کرے تاکہ کشمیر ی آزادی کی نعمت سے ہمکنار ہوسکیں۔