حکومتی مشینری میلاد النبی منانے کے حوالے سے متحرک ہے،سلیم چشتی
مظفرآباد(بیورورپورٹ)جشن عیدمیلادالنبی ﷺ ‘مرکزی سیرت کمیٹی اور ضلعی انتظامیہ کا اجلاس، مرکزی سیرت کمیٹی کے جاری کردہ شیڈول پر مکمل عملدرآمد کا فیصلہ،تمام سرکاری مساجد ،اوقاف کی تحویل میں دئے گئے تمام مزارات ، نجی وغیرسرکاری اداروں،بینکوں پر آج سے سرکاری سطح پر چراغاں و سجاوٹ کی جائے گی،مرکزی سیرت کمیٹی کے شیڈول کے مطابق تمام تقریبات کی فول پروف سکیورٹی کا انتظام کیا جائے گا۔میلادریلی اور جلوس میلاد میں ڈپٹی کمشنر،ایس ایس پی سمیت اعلیٰ حکام شریک ہونگے،انتظامیہ مرکزی سیرت کمیٹی کے ساتھ جملہ معاملات میں کوآرڈنیشن ، رابطہ رکھے گی۔یہ فیصلے مرکزی سیرت کمیٹی اور ضلعی انتظامیہ کے اہم اجلاس میں کئے گئے۔اجلاس میں مرکزی سیرت کمیٹی کے صدر صاحبزادہ محمدسلیم چشتی، ڈپٹی کمشنر مسعودالرحمان، ایس ایس پی،سیکرٹری جنرل مرکزی سیرت کمیٹی عتیق احمدرضا، اسسٹنٹ کمشنر عاصم اعوان،تحصیلدارحمادبشیر،انجم عباسی،علامہ محمدحسن حقانی،علامہ محمدپرویزقریشی،فیصل جمیل کاشمیری،نویدحسین بخاری،محمدسفیررضا ودیگر نے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی سیرت کمیٹی کے صدر صاحبزادہ پیر محمدسلیم چشتی نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے حسب سابق مرکزی سیرت کمیٹی سے بھرپورتعاون کو سراہتے ہوئے اس امر پر اطمینان کااظہار کیا کہ حکومتی مشینری جشن میلادالنبیﷺ منانے کے حوالے سے متحرک کرداراداکررہی ہے اور مرکزی سیرت کمیٹی کے ساتھ اس کارخیر میں برابرشریک ہے۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر مسعود الرحمان کی جانب سے مرکزی سیرت کمیٹی کے ساتھ تعاون اور اشتراک کار پر شکریہ اداکرتے ہوئے کہاکہ مرکزی سیرت کمیٹی تمام طبقات کی نمائندہ دینی تنظیم ہونے کی نسبت سے اپنی ذمہ داریاں پوری کررہی ہے اور دینی تعلیمات کے احیاء اور فروغ کے ساتھ ساتھ شعائر اسلام کی ترویج و اشاعت اور معاشرے میں مثبت تبدیلیاں لانے اور نوجوان نسل کی دینی حوالے سے تربیت کیلئے اپنا ذمہ دارانہ کرداراداکرتی رہے گی۔ڈپٹی کمشنر مسعودالرحمان نے کہاکہ وہ مرکزی سیرت کمیٹی کے ساتھ اپنا بھرپور تعاون جاری رکھیں گے اور ماہ ربیع الاول کو شایان شان اندازسے منانے کیلئے پہلے سے بڑھ کر اپنی ذمہ داریاں پوری کرینگے،انہوں نے کہاکہ اپنے پیشہ ورانہ فرائض کے ساتھ ساتھ ایک مسلمان ہونے کی نسبت سے بھی ہم اس ماہ مبارک کو پورے اہتمام کے ساتھ مناتے ہیں،جشن عیدمیلادالنبی ﷺ حسب سابق نہ صرف حکومتی سطح پر منایا جاتاہے بلکہ پوری دنیا کے مسلمان اپنے پیارے نبیﷺ سے اپنی والہانہ عقیدت و محبت کا اظہار کرتے ہوئے اس ماہ مبارک کو بطور خاص مناتے ہیں۔اس ماہ مبارک میں اللہ تعالیٰ کی خاص رحمتوں کانزول ہوتاہے اس میں ہر مسلمان کو بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کردی ہیں ہ وہ مرکزی سیرت کمیٹی کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔ایس ایس پی نے اپنی گفتگومیں کہاکہ وہ پولیس فورس کو پہلے ہی تمام ضروری ہدایات دے چکے ہیں اور اس حوالے سے تمام امور کی ازخود نگرانی کریں گے۔مرکزی سیرت کمیٹی کے سیکرٹری جنرل عتیق احمدرضا نے ضلعی انتظامیہ کے مثالی کرداراور تعاون کو سراہااور انہیں مرکزی سیرت کمیٹی کی جانب سے اب تک کے انتظامات اور شیڈول سے آگاہ کیا۔