سیاسی کیرئیر میں کبھی کسی جماعت کو دھوکا نہیں دیا،سردارغلام عباس

سیاسی کیرئیر میں کبھی کسی جماعت کو دھوکا نہیں دیا،سردارغلام عباس

چکوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر)سابق ضلع ناظم چکوال سردار غلام عباس نے حلقہ پی پی20کے ضمنی الیکشن کیلئے مسلم لیگ ن کے نامزد امیدوار چوہدری حید رسلطان کی انتخابی مہم شروع کر دی۔ بدھ کے روز سردار غلام عباس نے یونین کونسل ڈھڈیال ، سرال کا طوفانی دورہ کیا اس موقع پر سابق تحصیل ناظم سردار آفتاب اکبر، وائس چیئرمین ضلع کونسل چوہدری خورشید بیگ، چوہدری یوسف تھوہا بہادر اور ملک غلام حُر بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ڈھڈیال میں کونسلرز اور عمائدین علاقہ سے خطاب کرتے ہوئے سردار غلام عباس نے کہا کہ اپنے40 سالہ سیاسی کیریئر میں کبھی کسی جماعت کو دھوکہ نہیں دیا، پیپلز پارٹی سے اختلاف ہوا تو ان کے دور اقتدار میں ہی بے نظیر بھٹو کے دفتر میں جاکر ان سے علیحدگی کا اعلان کیا۔ مسلم لیگ ق کے چوہدری برادران نے جب پیپلز پارٹی کیساتھ الحاق کیا تو انہیں بھی اعلانیہ چھوڑ دیا۔ پاکستان تحریک انصاف کیساتھ نظریاتی اختلاف پیدا ہوا تو نارمل حالات میں علیحدگی اختیار کی۔ کبھی کسی کی پیٹھ میں چھرا نہیں گھونپا ۔ انہوں نے کہا کہ آج جو اپنے آپ کو نواز شریف کا سپاہی ثابت کرنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں وہ میاں نواز شریف پر مشکل وقت آیا تو وہ چھوڑ کر جنرل پرویز مشرف کیساتھ جا ملے تھے، آج وہ کسی منہ سے سیاسی وفاداریوں کی بات کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دور جانے کی بات نہیں حالیہ 2015کے بلدیاتی انتخابات میں میاں محمد نواز شریف اور میاں شہباز شریف کے نامزد امیدوار چیئرمین کی انہوں نے صرف مخالفت نہیں کی بلکہ اپنے بھائی کو شریف برادران کے نامزد امیدوار کے سامنے کھڑا کر دیا اور اہل چکوال نے ان کی اس منفی سیاست کو مسترد کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج میاں نواز شریف پر مشکل وقت ہے تو انشاء اللہ مشکل وقت میں ساتھ چھوڑنا ہمار اوطیرہ نہیں ، شریف برادران کیساتھ کندھے سے کندھا ملا کر چلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ چوہدری حیدر سلطان کی انتخابی مہم میں خود بھی اور سردار آفتاب اکبر چلائیں گے اور اس حوالے سے سردار آفتاب اکبرکو انچارج مقرر کر دیا ہے جو حیدر سلطان کو ساتھ لیکر ہر یونین کونسل میں جاکر جلسے کریں گے۔ بعدازاں سردار غلام عباس نے یونین کونسل سرال میں بھی عمائدین علاقہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کیا اور ان سے استدعا کی کہ9جنوری کو مسلم لیگ ن کے نامزد امیدوار چوہدری حیدر سلطان کو کامیاب کراوئیں۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر