تجاوزات کے خلاف حکمت عملی تیار کرلی ہے ،جام خان شورو

تجاوزات کے خلاف حکمت عملی تیار کرلی ہے ،جام خان شورو

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی(اسٹاف رپورٹر) تجاوزات ہٹانے کے خلاف مزاحمت کرنے والوں سے نمٹنے کے لیے حکومت سندھ نے ایک نئی حکمت عملی تیار کی ہے ۔ پہلے تجاوزات کرنے والوں کو نوٹس جاری کیا جائے گا کہ وہ ازخود تجاوزات ختم کر دیں ۔ اگر انہوں نے ایسا نہیں کیا تو تجاوزات ہٹانے کے لیے پولیس فورس استعمال کی جائے گی ۔ یہ بات سندھ کے وزیر بلدیات جام خان شورو نے بدھ کو سندھ اسمبلی میں ایم کیو ایم کے رکن محمد معین عامر پیرزادہ کے توجہ دلاؤ نوٹس پر بتائی ۔ معین عامر پیر زادہ نے کہا کہ کراچی کے علاقے کورنگی میں ایک ایس ٹی پلاٹ پر لینڈ گریبر ز نے قبضہ کر لیا ہے اور وہاں باڑہ بنا لیا ہے ۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ تجاوزات ہٹانے پر بعض علاقوں میں مزاحمت ہوتی ہے ۔ اس مزاحمت سے نمٹنے کے لیے ہم نے حکمت عملی تیار کر لی ہے ۔ اب نوٹس دینے کے بعد پوری پولیس فورس کے ساتھ تجاوزات ہٹانے کی مہم شروع کی جائے گی ۔ مسلم لیگ (ن) کے رکن امیر حیدر شاہ شیرازی کے توجہ دلاؤ نوٹس پر وزیر ورکس اینڈ سروسز میر ہزار خان بجارانی نے کہا کہ ٹھٹھہ میں میرپور ساکرو نے غلام اللہ تک 6 کلو میٹر سڑک کا 50 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے اور باقی بھی جلد مکمل کر لیا جائے گا ۔ حکومت سندھ نے ٹھٹھہ اور سجاول میں بڑے کام کیے ہیں ۔ ان کو سراہا جانا چاہئے ۔ وہاں دریائے سندھ پر پاکستان کا سب سے بڑا پل بنایا گیا ہے ۔ ایم کیو ایم کے رکن صابر حسین قائم خانی کے توجہ دلاؤ نوٹس پر وزیر بلدیات جام خان شورو نے کہا کہ حیدر آباد میں پانی کی فراہمی کے ایک منصوبے کے لیے 25 کروڑ روپے کا پی سی ون تیار کر لیا گیا ہے ۔ جلد ہی اس منصوبے پر کام شروع ہو جائے گا ۔ ایم کیو ایم کے رکن کامران اختر کے توجہ دلاؤ نوٹس پر وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن مکیش کمار چاولہ نے کہا کہ محکمے کی طرف سے آج تک کوئی جعلی نمبر پلیٹ الاٹ نہیں کی گئی ۔ کچھ گاڑیوں کی اطلاع ملی تھی کہ وہ جعلی نمبر پلیٹ استعمال کر رہی ہیں ، کسٹم انٹیلی جنس کے ساتھ مل کر وہ گاڑیاں پکڑ لی گئی ہیں اور انہیں نیلام بھی کر دیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جب پیپلز پارٹی کو حکومت ملی تو محکمہ ایکسائز کی وصولی صرف 7 ارب روپے سالانہ تھی ۔ اب یہ وصولی 58 ارب روپے سے تجاوز کر گئی ہے ۔