پولیو ڈیوٹی میں غفلت برتنے پر اساتذہ اور محکمہ صحت کے ای پی آئی کی سرزنش
کوھاٹ( بیورورپورٹ) ڈپٹی کمشنر کوہاٹ خالد الیاس نے پولیو ڈیوٹی میں مجرمانہ غفلت برتنے پر محکمہ تعلیم کے 2اساتذہ زرمحمداور مس حمیرااور محکمہ صحت کے ای پی آئی ٹیکنیشن عرفان دانش اور میڈیکل ٹیکنیشن سبحان کو ضلع بدر کرتے ہوئے متنبہ کیا ہے کہ پولیو مہم ایک قومی کاز ہے جس پر کسی قسم کا سمجھوتہ ممکن نہیں اور جو بھی اس میں غفلت برتے گا ان کا انجام اس سے بھی بدتر ہوگا۔خالد الیاس نے کہا کہ پولیو ایک مہلک اور خطرناک مرض ہے جس کے مکمل خاتمے کے لئے مربوط کوششوں کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہ کہ نئی نسل کو عمر بھر کے لئے اپاہج ہونے سے بچانا ہم سب کا قومی فریضہ ہے لہذا اس سلسلے میں والدین کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے اس لئے وہ پولیو ٹیموں کے ساتھ بھر پور تعاون کریں اور اپنے 5سال سے کم عمر کے بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلوائیں۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے کوہاٹ میں حالیہ سالوں میں پولیو کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا ہے اور دیگر اضلاع کے مقابلے میں یہاں قطرے پلانے سے انکاری کیسز بھی کم ہیں اس لئے ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم سب مل کر پولیو کے خلاف جاری جہاد کو کامیاب بنائیں۔