مہمند ایجنسی مختلف واقعات میں خاتون سمیت 4 افراد زخمی
مہمند ایجنسی ( نمائندہ پاکستان) مہمند ایجنسی مختلف واقعات میں خاتون سمیت 4 افراد زخمی۔ پرویز کی بیٹی قریبی پہاڑ سے لکڑی لا رہی تھی کہ جنگلی ریچھ نے کاٹ لیا۔ تورہ خواہ ماربل سلائیڈنگ سے عابد اور نور زخمی ہو گئے۔ خویزئی میں موٹر سائیکل حادثے میں ایک زخمی۔ تفصیلات کے مطابق مہمند ایجنسی میں بدھ کی صبح تحصیل پنڈیالئی کے علاقہ ڈنڈ گاؤں کی رہائشی خاتون رابعہ دختر پرویز قریبی پہاڑ میں چولہا جلانے کی ایندھن اکٹھا کر رہی تھی کہ پہاڑی ریچھ نے کاٹ کر شدید زخمی کر دیا۔ گزشتہ روز بائیزئی سب ڈویژن کے تورہ خواہ ماربل پہاڑ میں ماربل پتھر پھسلنے سے عابد ولد گل نبی سکنہ حلیمزئی اور نور ولد اسلام تحصیل پنڈیالئی زخمی ہو گئے۔ جسے پولیٹیکل انتظامیہ کے اہلکاروں نے غلنئی ہسپتال منتقل کر دیا۔ وسیع ماربل ذخائر کے حامل تورہ خواہ اور سپینکی کیلئے بائیزئی ماربل ایسوسی ایشن نے فرسٹ ایڈ سنٹر اور ایمبولینس گاڑی فراہم کرنے کی غرض سے فی گاڑی چندہ مقرر کر دیا تھا مگر اب تک قریبی فرسٹ ایڈ سنٹر بنایا گیا نہ ایمبولینس فراہم ہوئی۔ علاوہ ازیں تحصیل خویزئی اشرف آباد میں موٹر سائیکل ایکسڈنٹ کے نتیجے میں فرہاد ولد شمشیر سکنہ فقیر آباد زخمی ہو گئے جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔