خیبر ایجنسی ،اخوروال میں کوئلے کا دیرینہ تنازعہ 13 سال بعد حل

خیبر ایجنسی ،اخوروال میں کوئلے کا دیرینہ تنازعہ 13 سال بعد حل

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

خیبر ایجنسی (نامہ نگار)درہ ادم خیل کے علاقہ اخوروال کوئلے کادیرینہ تنازعہ جرگہ نے13 سال بعد حل کردیا ۔پیروال خیل کو 26.5فی صد، گڈیا خیل کو 36.75فی صد اور بلاقی خیل 36.75فی صد حصہ ملے گا۔کندے پیروال خیل کو مشورے کیلئے دس دن کا وقت دے دیا گیا۔درہ آدم خیل کے پانچ اقوام کے جرگہ ثالثان نے اس دیرینہ تنازعے کو حل کرنے میں مخلصانہ کوششیں کیں اور آخر کار ایک متفقہ فیصلہ سنانے میں کامیاب ہوئے ۔عرصہ 13سال سے درہ آدم خیل کے ایک قوم اخوروال میں کوئلہ کی تقسیم اور حصہ داری پر تنازعہ چلا آ رہا تھا جس میں تین فریق بلاقی خیل ،گڈیا خیل اور پیروال خیل ایک دوسرے کے ساتھ اس مسئلہ میں الجھے ہوئے تھے اس تنازعہ میں متعدد مرتبہ فیصلے بھی ہوئے ہیں لیکن پھر مختلف فورم پر ان فیصلوں کو چیلنج کیا گیا ۔قوم اخوروال کے اس دیرینہ مسئلے کو دیکھتے ہوئے گاؤں بازی خیل کے مشران نے ثالثی کی پیش کش کو قوم اخوروال کے تمام فریقین نے قبول کیا اور درہ آدم خیل کے سارے قوموں سے متفقہ جرگہ ممبران تشکیل دے دئیے گئے اور گاؤں بازی خیل محمد زمان حجرہ میں جرگہ کا آغاز ہوا جرگہ ممبران میں ملک حاجی بازگل ،ملک اکبر خان ،ملک حاجی جمیل ،ملک حاجی سلیم ،ملک حاجی محمد صادق ،ملک حاجی لعل محمد اور محمد زمان شامل ہیں اس مسئلے کو حل کرنے کیلئے جرگہ کے چار نشستیں ہوئی او باہمی اتفاق سے قوم اخوروال کے حصص کا فیصلہ سنا دیا گیا اس موقع پر پولیٹیکل انتظامیہ ایف آر کوہاٹ کی نمائندگی پولیٹیکل تحصیلدار نیک محمد نے کی فیصلہ سناتے وقت درہ آدم خیل کے پانچ اقوام کے مشران ،کوئلہ مائنران ،معزز شخصیات کے ساتھ قوم جواکی اور کالا خیل کے نمائندے اور قوم اخوروال کے تمام فریقین بھی موجود تھے اس فیصلے کے مطابق فریق اول پیروال خیل کیلئے 26.5فی صد حصہ مقرر کیا گیا جبکہ فریق دوئم گڈیا خیل اور بلاقی خیل کیلئے 73.5فی صد حصہ مقرر کیا گیا آخر میں قوم اخوروال کے مشران و کشران نے گاؤں بازی خیل کے مشران کے ثالث کے کردار کو سراہا اور تہہ دل سے ان کا شکریہ ادا کیافیصلہ سنانے کے بعد کندے پیروال خیل کے نمائندوں نے اس فیصلے پرصلاح مشورے کیلئے دس دن کا وقت دینے کی درخواست کی جسے جرگہ ممبران نے خوشی سے قبول کیا۔