خاتون سے نا زیبا حرکات کرنے پر جعلی پیر کی ٹھکائی ہو گئی
فیروز والا (ڈیلی پاکستان آن لائن )فیروز والا میں خاتون سے شرمنا ک حرکات کرنے پر جعلی پیر کی ٹھکائی ہو گئی ۔نجی نیوز چینل دنیا نیوز کے مطابق فیروز والا کے علاقے کوٹ عبد المالک میں جعلی پیر نے بے اولاد خاتون سے 2لاکھ روپے لے لیا اور اس کے ساتھ نا زیبا حرکات کیں جس پر خاتون نے شور مچانا شروع کردیا اور اہل علاقہ نے وہاں پہنچ کر جعلی پیر کی جوتوں اور تھپڑوں سے درگت بنا ڈالی ۔
نجی نیوز چینل دنیا نیوز کے مطابق کوٹ عبدالمالک کے علاقہ شریف پارک میں نیاز محمد نامی جعلی پیر ایک عرصہ سے پیر کا ڈھونگ رچائے ہوئے تھا اور سادہ لوح خواتین کو اپنے جال میں پھنسا کر رقم ہتھیا لیتا لیکن جب نسرین نامی خاتون اس جعلی عامل کے پاس پہنچی تو اس نے صاحب اولاد بنانے کا دعویٰ کرتے ہوئے 2 لاکھ روپے کا مطالبہ کر دیا۔نسرین بی بی نے اپنے زیورات بیچ کر اور قرض لے کر رقم جعلی پیر کو دے دی اور آج جعلی پیر کے بلوانے پر نسرین بی بی جب اس کے آستانہ پر اپنی ساس کے ساتھ پہنچی تو جعلی عامل نے اس کی ساس کو گوشت لینے کے لیے بھیج دیا اور دروازہ بند کر دیا اور خاتون سے کہا کہ تمہارے جسم پر تعویز لکھے جائیں گے ۔یہ کہہ کر جعلی پیر نے خاتون کے ساتھ نا زیبا حرکات شروع کردیں جس پر خاتون نے شور مچانا شروع کردیا ۔خاتون کی چیخیں سن کر اہل محلہ اکٹھا ہو گیا تو جعلی پیر نے دروازہ کھولا جس کے بعد لوگوں نے اس کی دھلائی شروع کردی ۔ خواتین نے جعلی پیر کے کپڑے پھاڑ دئیے اور تلاشی لینے پر متعدد خواتین کے شناختی کارڈ اور تعویز برآمد ہوئے جس پر اہل علاقہ نے جعلی پیر کو پولیس کے حوالے کر دیا۔