آپ باربارجمعرات کی تاریخ مانگتے ہیں،کیایہ آپ کالکی ڈے ہے؟جسٹس عامرفاروق
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)اسلام آبادہائیکورٹ میں کیپٹن صفدرکی ضمانت پررہائی کیخلاف نیب کی درخواست پرسماعت ہوئی تو نیب نے اپنی ہی درخواست پردلائل کیلئے دوبارہ وقت مانگ لیا،تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں ایون فیلڈپراپرٹیزریفرنس میں کیپٹن صفدر کی رہائی کیخلاف نیب کی درخواست کی سماعت ہوئی ،درخواست کی سماعت جسٹس عامر فاروق نے کی ۔دوران سماعت نیب پراسیکیوٹر نے اپنی ہی درخواست پر دلائل دینے کیلئے دوبارہ وقت مانگ لیا ان کا کہناتھا کہ شرجیل میمن کیس میں سندھ ہائیکورٹ فیصلے کی کاپی کاانتظارہے،عدالت سے استدعا ہے کہ سماعت آئندہ جمعرات تک ملتوی کی جائے۔
اس پر جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا کہ آپ باربارجمعرات کی تاریخ مانگتے ہیں،کیایہ آپ کالکی ڈے ہے؟،آپ پہلے بھی 3 باروقت مانگ چکے ہیں۔
اس پر نیب پراسیکیوٹر نے بتایا کہ منگل،بدھ کوٹرائل کورٹ میں سماعت ہوتی ہے اس لئے وقت مانگا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے نیب پراسیکیوٹر کی درخواست پر مقدمے کی سماعت جمعرات تک ملتوی کر دی۔