دھرنا نپٹاتے نپٹاتے اسلام آباد پولیس قرضوں تلے دب گئی ،ٹھیکیداروں نے ادھار کھانا دینے سے بھی انکار کر دیا
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن )اسلام آ باد میں تحریک لبیک کا دھرنا نپٹاتے نپٹاتے اسلام آباد پولیس قرضوں کے بوجھ تلے دب گئی ہے اور اب ادھار کھانا دینے والوں نے پولیس اہلکاروں کو مزید ادھار کھانا دینے سے بھی انکار کر دیاہے ۔
تفصیلات کے مطابق تحریک لبیک کے دھرنے پر دی جانے والی سیکیورٹی پر روزانہ ایک کروڑ روپے خرچ آ رہاہے جو کہ وزارت داخلہ ادا کر رہی ہے تاہم ٹھیکیداروں نے جہاں ادھار کھانا دینے سے انکار کر دیا وہیں پولیس کی گاڑیوں کو مزید پٹرول دینے سے بھی انکارکر دیاگیاہے ۔
اسلام آباد میں اس پولیس اہلکاروں کے کھانے پر 25سے 30لاکھ ،شہر میں لگائے گئے 200کنٹینرز اور پٹرولنگ کا خرچ ملا کر روز کا 1کروڑ روپے بن جاتاہے ۔
دوسری جانب نجی ٹی وی کا کہناتھا کہ دھرنے کا خر چ لاہور ،فیصل آباد ،راولپنڈی کے تاجر برداشت کر رہے ہیں ،انہیں اچھا کھانا ،منرل واٹر اور حلوہ بھی پیش کیا جارہاہے ۔دھرنے کے ایک فرد پر تقریبا 1200روپے روز کا خرچ آ رہاہے ۔نجی ٹی وی کا کہنا تھا کہ دھرنے میں موجود شرکاءکے قائدین کی ماہانہ فی کس آمدن 30ہزار روپے سے زائد نہیں ہے ۔