دعا کا سایہ

دعا کا سایہ
دعا کا سایہ

  



سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف ملکی سیاست کا ایک دلچسپ کردار ہیں۔ ایک جنرل کے مارشل لائی دور میں ان کی نقاب کشائی یا رونمائی ہوئی اور اس کے بعد وہ سول اداروں کی بالادستی میں جُت گئے۔ وہ ایک شہری بابو تھے، مگر انہوں نے ملک بھر کے عوامی حلقوں میں جگہ بنائی۔ صرف جگہ نہیں بنائی بلکہ انہیں بلا خوف و تردید دلوں کی دھڑکن قرار دیا جا سکتا ہے۔ اہلِ وطن نے کس کس کو چاہا؟ یہ نہایت مختصر گوشوارہ ہے۔ پہلے ذوالفقار علی بھٹو شہید اور پھر نوازشریف!

پاکستان کے تین مرتبہ وزیراعظم رہنے والے میاں محمد نوازشریف کی صحت گزشتہ کئی ماہ سے نشیب و فراز کا شکار تھی۔ خدشات اور خطرات! اب بغرضِ علاج انہیں بیرون ملک جانا یا لے جانا پڑ گیاہے تو قوم کے افراد تشویش میں مبتلا اور بدست دعا ہیں۔ اللہ رب العزت انہیں اپنے حفظ و امان میں رکھے! بشرط صحت و زندگی، لازم ہے کہ وہ پاکستان میں لوٹ کر آئیں گے۔ وہ از خود ملک سے باہر کیوں اور کیسے رہیں گے؟ جبکہ ان کا ملک و قوم سے تعلق وہی ہے جو مچھلی کا پانی سے ہوتا ہے۔وہ پردیس میں ہی بے آب مچھلی کی مانند ہیں!

میاں صاحب کی صحت پر حکومت اور مخالفین نے بہت سیاست کی ہے، جو نہیں ہونی چاہیے تھی۔ یہ کوئی قابل قدر اور اچھی روایت نہیں۔ پہلے ان کی اہلیہ کلثوم نواز کے بارے میں بھی بہت قیاس آرائیاں ہوئیں۔ کہا گیا کہ ان کی بیماری ایک ڈرامہ ہے۔ یہ عجب ڈرامہ تھا کہ وہ زندگی کی بازی ہار گئیں۔ تب کہیں بداندیشوں کو یقین آیا کہ مرحومہ واقعی بیمار تھیں۔

میاں نوازشریف اعلیٰ اقدار کے مالک ہیں۔ متانت، سنجیدگی اور ٹھہراؤ! مخلص، صاف دل، شرمیلے!! انہوں نے سیاست اور سیاست دانوں کی عزت میں ممکنہ طور پر اضافہ کیا۔ انہوں نے ملک و قوم کو بہت کچھ دیا۔ معاشی استحکام، اعتماد اور ایٹمی دھماکہ، جوانی، توانائی، صحت! حساب لگا کر دیکھا جائے تو منافع ہی منافع!

میاں نوازشریف کو قوم کے دلوں سے نکالا نہیں جا سکتا۔ اللہ پاک انہیں سلامت رکھے۔ ابھی انہوں نے واپس آکر امورِ سیاست و رموزِ حکومت میں کافی سے زیادہ کردار ادا کرنا ہے۔ نئی نسل کی تربیت، رہنمائی اور سرپرستی! موصوف ملک و قوم کی مشترکہ قیمتی اثاثہ ہیں۔ ایک ایسا اثاثہ جس کے اثرات و ثمرات صدیوں باقی رہتے ہیں۔ ابھی ان کی اہمیت کا پورا اور صحیح اندازہ نہیں لگایا جا سکتا اور کسی کی موجودگی میں کسی فرد یا شے کی مکمل افادیت کا حساب لگ بھی نہیں سکتا۔ہم دعاگو ہیں کہ اللہ پاک محسن پاکستان میاں محمد نوازشریف کو صحت والی طویل زندگی عطا فرمائے! آمین

مزید : رائے /کالم