ریسکیو 1122 مردان کے اہلکاروں نے ایمانداری کی روایت برقراررکھی

ریسکیو 1122 مردان کے اہلکاروں نے ایمانداری کی روایت برقراررکھی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
مردان(بیورورپورٹ) ریسکیو 1122 مردان کے اہلکاروں نے ایمانداری کی روایت برقرار رکھتے ہوئے روڈ ٹریفک حادثے میں بے ہوش ہونے والی لڑکی سے ملنے والی نقدی اور سامان لواحقین کے حوالے کر دیا.ریسکیو 1122 مردان کے ترجمان بلال جلال نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ شیخ ملتون چوک مردان میں بارھویں جماعت کی ایک طالبہ سوزوکی پک اپ کی ٹکر سے شدید زخمی ہوگئی.ڈرائیور حادثے کے بعد مسماۃ (الف) کو نیم بے ہوشی کی حالت میں روڈ پر لاوارث چھوڑ کر بھاگ گیا.اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 میڈیکل ٹیم نے موقع پر پہنچ کر اس کا قیمتی سامان اور نقدی امانت کے طور پر اپنے قبضے میں لے لیا اور ایمبولینس میں شفٹ کر کے ابتدائی طبی امداد دیتے ہوئے ایم ایم سی منتقل کردیا جہاں ڈاکٹروں نے اس کا علاج شروع کر دیا.ریسکیو 1122 کنٹرول روم نے مسماۃ (الف) کے لواحقین سے رابطہ کر کے موقع سے ملنے والا سارا سامان اور نقدی ان کے حوالے کر دیا.لواحقین نے ریسکیو 1122 کے اہلکاروں کی ایمانداری کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا.اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفسر کمال شاہ نے کہا کہ حادثات کے دوران شہریوں کو بروقت خدمات فراہم کرنا اور ساتھ میں ان کی امانتیں باحفاظت لواحقین تک پہنچانا ہماری اولین ذمہ داریوں میں شامل ہے.انہوں نے بہترین انداز میں خدمات فراہم کرنے اور ایمانداری اور دیانتداری کا عملی مظاہرہ کرنے پر سٹیشن انچارج شوکت علی، میڈیکل ٹیکنیشن امجد اور ایمبولینس ڈرائیور آصف رضا کو تعریفی اسناد دیتے ہوئے ان کے اس احسن اقدام کو بے حد سراہا۔