بجلی قیمتوں میں اضافہ، اے این پی نے تحریک التواجمع کرادی

  بجلی قیمتوں میں اضافہ، اے این پی نے تحریک التواجمع کرادی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

پشاور(سٹی رپورٹر) عوامی نیشنل پارٹی خیبر پختونخوا کے جنرل سیکرٹری اور صوبائی اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر سردار حسین بابک نے بجلی کی قیمتوں میں اضافے‘ لوڈشیڈنگ اور کم وولٹیج کے حوالے سے صوبائی اسمبلی میں تحریک التوا جمع کرادی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ آئے روز بجلی کی قیمتوں میں اضافے نے صوبے کے عوام کو ذہنی مریض بنا دیا ہے‘ دوسرے صوبوں میں پانی کے علاوہ دیگر ذرائع سے زیادہ پیداواری لاگت کے بجلی منصوبوں کا بوجھ بھی صوبے کے عوام پر ڈالا جا رہا ہے‘ اے این پی رہنما کی جمع کردہ تحریک میں مزید کہا گیا ہے کہ خیبرپختونخوا میں پانی سے چھ ہزار میگاواٹ بجلی ایک یا ڈیڑھ روپے فی یونٹ کی پیداواری لاگت سے پیدا ہورہی ہے جبکہ ہمارے صوبے کی ضرورت تین ہزار میگاواٹ ہے لیکن ہمیں اپنی ضرورت سے بھی کم بجلی دی جارہی ہے۔ناروا لوڈ شیڈنگ اور کم وولٹیج کی وجہ سے خیبرپختونخوا کی اقتصادی حالت تباہ ہوچکی ہے، لوگوں کی زندگی اجیرن بنادی گئی ہے‘ تحریک التواء میں کہا گیا ہے کہ دہشت گردی سے تباہ حال سستی بجلی پیدا کرنے کے حامل صوبے کو نہ بجلی منافع ادا کیاجارہا ہے نہ اس کے عوام کو بجلی کی قیمتوں میں ریلیف دیا جارہا ہے‘صوبے میں 30ہزار میگاواٹ سستی بجلی کی پیداواری صلاحیت اور گنجائش موجود ہے لیکن یہاں کے عوام کو ریلیف کی بجائے بار بار اور مسلسل سزا دی جارہی ہے جو انتہائی افسوسناک امر ہے۔ صوبے کے عوام پر باربار بجلی کے بم گرانا خطرناک رجحان ہے جس کا تدارک ضروری ہے مرکزی حکومت کو اقتصادی طور پر مفلوج صوبے میں بجلی کے منصوبے شروع کرتے ہوئے صوبے کے عوام کی اقتصادی اور معاشی حوصلہ افزائی کرنی چاہئے۔