انسان محنت اور لگن سے چلتا رہے تو اپنی منزل ضرور پالیتا ہے،حنا ملک

  انسان محنت اور لگن سے چلتا رہے تو اپنی منزل ضرور پالیتا ہے،حنا ملک

  



لاہور(فلم رپورٹر)انسان محنت اور لگن سے چلتا رہے تو اپنی منزل ضرور پالیتا ہے اور اسے سب ایوارڈز بھی مل جاتے ہیں مگر میرے خیال میں اصل ایوارڈ تو عوام کی محبت ہوتی ہے ان خیالات کا اظہار ”وائس آف پنجاب“ اور ”وائس آف کشمیر“ کا ایوارڈ اور ٹائیٹل حاصل کرنے والی گلوکار حنا ملک نے ایک ملاقات کے دوران کیا۔ایک سوال کے جواب میں حنا ملک نے کہاکہ میں پاکستان کی واحد گلوکارہ ہوں جو تقریباً ساری زبانوں میں گیت گاچکی ہوں جن میں اردو، پنجابی، سرائیکی، کشمیری،سندھی،پوٹھوہاری اور عربی گیت شامل ہیں جنہیں پوری دنیامیں پسندکیا گیاحنا ملک نے کہاکہ میں بہت ساری برادریوں پر بھی گیت گا چکی ہوں جن میں ”ملکاں نال لا یاری“ اور گجربرادری پر گائے ہوئے گیتوں نے بہت مقبولیت حاصل کی۔

میوزک انڈسٹری پر بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ میوزک انڈسٹری اس وقت زوال کا شکارہے کیونکہ پاکستان میں پائریسی کا قانون ایکٹو نہ ہونے کی وجہ سے ہم اپنا حق حاصل نہیں کر پارہے اور ہمارے سپر ہٹ گیت کاپی رائیٹس نہ ملنے کی وجہ سے ضائع ہو رہے ہیں اس لیئے حکومت کو چاہیئے کہ میوزک کمپنیوں سے ہمارے حقوق کی پاسداری کروائی جائے تاکہ ہم مذید پروجیکٹس مکمل کر سکیں۔حنا ملک نے کہاکہ وہ اپنے ہی گیت گاتی ہیں کسی کو کاپی نہیں کرتیں کیونکہ کاپی کیا ہوا گیت ایک بار چلتا ہے جبکہ آپکا اپنا گیت ہمیشہ چلتا رہتاہے اور لوگ آپ کو کاپی کررہے ہوتے ہیں۔حنا ملک نے مذید کہاکہ ان کے ”سیلفیاں“ اور ”ملکاں نال لا یاری“ نے دنیا بھرمیں مقبولیت حاصل کی ہے جبکہ کشمیر اور عبدالستار ایدھی کے لیئے گائے گئے گیتوں نے بھی بہت زیادہ مقبولیت حاصل کی تھی ان کے تمام تر گانوں کے پروڈیوسر سمیع ملک ہیں جنہوں نے انہیں ہمیشہ سپورٹ اور پرموٹ کیا ہے۔

مزید : کلچر