ٹریفک قوانین کی پاسداری کو ہر صورت یقینی بنائیں،ایڈیشنل آئی جی ٹریفک

ٹریفک قوانین کی پاسداری کو ہر صورت یقینی بنائیں،ایڈیشنل آئی جی ٹریفک

  



لاہور(کر ائم رپو رٹر) شاہرات پر ٹریفک حادثات میں کمی لا کر شہریوں کی قیمتی جانوں کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے سنٹرل پولیس آفس میں اہم اجلاس منعقد کیا گیا جس میں صوبے کے تمام آر پی اوز نے بذریعہ ویڈیولنک شرکت کی۔ ایڈیشنل آئی جی پی ایچ پی کیپٹن (ر) ظفر اقبال نے اجلاس کے دوران آر پی اوز کو ہدایت دیتے ہوئے کہاکہ صوبے کے تمام اضلاع میں پنجاب ہائی وے پٹرول، ٹریفک پولیس اور ڈسٹرکٹ پولیس سڑکوں پر گاڑیوں کی اوور سپیڈنگ اور فٹنس کو چیک کرنے کیلئے سپیشل ٹیمیں بنائی جائیں جو شاہرات پر سفر کرنے والے تمام گاڑیوں بالخصوص پبلک سروس وہیکلز سے ٹریفک قوانین کی پاسداری کو ہر صورت یقینی بنائیں۔ انہوں نے تاکیدکی کہ دھند اور سموگ کے موسم میں پی ایچ پی اور ٹریفک پولیس کی ٹیمیں شاہرات پر اپنی پٹرولنگ کے عمل کو مزید موثر بنائیں اور مسافروں کی سہولت کیلئے آگاہی مہم کو جاری رکھا جائے۔

ایڈیشنل آئی جی ٹریفک نے اجلاس کے دوران افسران سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ شاہرات پر ہونے والے60فیصد حادثات تیز رفتاری جبکہ 39فیصد ڈرائیورز کی لاپرواہی کے باعث پیش آتے ہیں لہذا کم عمر، ناتجربہ کار اور لاپرواہی سے ڈرائیونگ کرنے والے ڈرائیورز کو پبلک ٹرانسپورٹ ہرگز نہ چلانے دی جائے اور اس سلسلے میں سپیشل ٹیمیں اپنے کردار کو مزید موثر طورپر ادا کریں۔ انہوں نے مزیدکہاکہ تمام اضلاع میں وہیکل انسپکشن سرٹیفیکیٹ سنٹرزسے قریبی رابطہ رکھتے ہوئے انکی کارکردگی کو مزید موثر بنایا جائے جبکہ بسوں، ویگنوں اورپبلک روٹس پر چلنے والی پرانی گاڑیوں کو فٹنس سرٹیفیکیٹ حاصل کئے بغیر ہرگز نہ چلنے دیا جائے۔ انہوں نے مزیدکہا کہ سڑکوں پر اکثر حادثات کمرشل مسافر گاڑیوں کے حادثات کے نتیجے میں پیش آتے ہیں لہذا سی ٹی اوز ٹریفک حادثات میں کمی کے حوالے سے تمام پہلوؤں کے مد نظر جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات کریں اور پی ایچ پی، ٹریفک پولیس اور ڈسٹرکٹ پولیس کی بنائی گئی مشترکہ ٹیمو ں کی براہ راست خود نگرانی کریں۔

مزید : علاقائی