برسبین ٹیسٹ،کھیل کا دوسرا روز کینگروز کے نام،شاہین 312رنز پر صرف 1وکٹ لے سکے

برسبین ٹیسٹ،کھیل کا دوسرا روز کینگروز کے نام،شاہین 312رنز پر صرف 1وکٹ لے سکے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(سپورٹس رپورٹر) برسبین ٹیسٹ میں پاکستان کی بیٹنگ کے بعد باؤلنگ بھی ناکام ہو گئی، گابا کی تیز رفتار وکٹ پر نا تو نسیم شاہ کی تیز رفتار گیندیں کینگروز کو ڈرا سکیں اور نا ہی یاسر شاہ کا اسپن جادو چلا۔ٹیسٹ کا دوسرا دن آسٹریلوی بلے بازوں کے نام رہا۔آسٹریلوی ٹیم پہلی اننگز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 312رنز بنا کر پاکستان پر  72رنز کی برتری  حاصل  کرلی، اوپنر ڈیوڈ وارنر151 اور مارنس لبوشین  55رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔جوئے برنس 97رنز بناکر آؤٹ ہوئے،پاکستان کی جانب سے واحد وکٹ یاسر شاہ نے لی۔جمعہ کوبرسبین میں کھیلے جارہے پہلے ٹیسٹ کے دوسرے دن آسٹریلیا کی جانب سے اننگز کا آغاز ڈیوڈ وارنر اور جوئے برنس نے کیا، دونوں اوپنرز نے انتہائی پراعتماد انداز میں اننگز کا آغاز کیا جب کہ پاکستانی بولرز آسٹریلوی اوپنرز کے سامنے بے بس نظر آئے، گابا کی تیز رفتار وکٹ پر نا تو نسیم شاہ کی تیز رفتار گیندیں کینگروز کو ڈرا سکیں اور نا ہی یاسر شاہ کا اسپن جادو چلا۔پاکستان کو میچ میں پہلی وکٹ اس وقت ملی جب نسیم شاہ نے 56کے انفرادی اسکور پر ڈیوڈ وارنر کو چلتا کردیا لیکن 16سالہ فاسٹ بالر اس وقت بدقسمت ثابت ہوئے جب تھرڈ امپائر نے اس گیند کو نوبال قرار دے دیا۔اس کے بعد انتہائی کوشش کے باوجود پاکستانی بالرز چائے کے وقفے تک کوئی وکٹ لینے میں ناکام رہے اور آسٹریلین اوپنرز نے نے دو سیشنز میں بغیر کسی نقصان کے 195رنز بنا لیے تھے۔ دونوں اوپنرز کے درمیان 222رنز کی اوپننگ شراکت قائم ہوئی جس کے بعد جوئے برنس یاسر شاہ کی گیند پر 97رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔جوئے برنس کے آؤٹ ہونے کے بعد اوپنر ڈیوڈ وارنر نے اپنی سنچری مکمل کی جس کے باعث آسٹریلوی ٹیم نے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن کھیل کے اختتام تک ایک وکٹ کے نقصان پر 312رنز بنالیے ہیں جب کہ کینگروز کو پاکستان پر 72رنز کی برتری بھی حاصل ہے، اوپنر ڈیوڈ وارنر151جب کہ ون ڈاون آنے والے مارنس لبوشین نے 55رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔قومی ٹیم گزشتہ روز ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں صرف 240رنز ہی بناسکی تھی، پاکستان کی جانب سے اسد شفیق نے سب سے زیادہ 76 رنز بنائے۔ آسٹریلیا کی جانب سے مچل اسٹارک نے 4، پیٹ کمنز نے3، ہیزل ووڈ نے 2 جب کہ نیتھن لیون نے ایک کھلاڑی کو آٹ کیا۔