قائد اعظم ٹرافی سیکنڈ الیون ٹورنامنٹ،خیبرپختونخوا اور سدرن پنجاب فائنل میں داخل

قائد اعظم ٹرافی سیکنڈ الیون ٹورنامنٹ،خیبرپختونخوا اور سدرن پنجاب فائنل میں ...

  



لاہور(سپورٹس رپورٹر)قائداعظم ٹرافی سیکنڈ الیون ٹورنامنٹ، خیبرپختونخوا اور سدرن پنجاب کی ٹیموں نے فائنل میں رسائی حاصل کرلی،دونوں ٹیموں کے درمیان فائنل  26سے 29نومبر تک اسٹیٹ بنک اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔خیبرپختونخوا کی ٹیم ناردر ن کو ہر ا کر فائنل میں پہنچی جبکہ سدرن پنجاب اور سنٹرل پنجاب کے درمیان میچ ڈرا ہو گیا اور پوائنٹس کی بنا پر  سدرن پنجاب نے فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔جمعہ کوخیبرپختونخوا نے این بی پی اسٹیڈیم  کراچی میں کھیلے گئے تین روزہ میچ میں ناردرن کو 2وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ کے فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔ خیبرپختونخوا  نے 195رنز کا ہدف 8وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ خیبرپختونخوا کی جانب سے محمد محسن کی شاندار بیٹنگ اور آصف آفریدی کی عمدہ بالنگ نے ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔ کھیل کے آخری روز ناردرن نے 5وکٹوں کے نقصان پر 161رنز سے اپنی دوسری اننگز کا دوبارہ آغاز کیا تو اسپنر آصف آفریدی کی نپی تلی بالنگ کی بدولت پوری ٹیم 174رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ پہلی اننگز میں 5 وکٹیں حاصل کرنے والے آصف آفریدی نے میچ میں 9کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ 20رنز کی برتری سے دوسری اننگز کا آغاز کرنے والی ناردرن کی ٹیم نے خیبرپختونخوا کو جیت کے لیے 195 رنز کا ہدف دیاتو اوپنر محمد محسن تن تنہا رضا حسن اور رضا الحسن پر مشتمل ناردرن کی اسپن جوڑی کے  سامنے سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑے ہوگئے۔ انہوں نے 165 گیندوں پر 95 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح دلادی۔ خیبرپختونخوا کی ٹیم نے مقررہ ہدف 50ویں اوور میں 8وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ محمد محسن کے علاوہ کوئی بیٹسمین بھی زیادہ دیر کریز پر نہ کھڑا ہوسکا۔دوسری جانب ڈرنگ اسٹیڈیم بہالپور  میں سدرن پنجاب اور سنٹرل پنجاب کے درمیان  کھیلا گیا میچ بے نتیجہ ختم ہوگیا۔ 5وکٹوں کے نقصان پر 270بنانے والی سنٹرل پنجاب کی ٹیم نے  میچ کے تیسرے روز 80ویں اوور میں 8وکٹوں کے نقصان پر295رنز بناکر اپنی پہلی اننگز ڈکلیئر کردی۔ 14رنز کے خسارے سے اپنی دوسری اننگز کا آغاز کرنے والی سدرن پنجاب کی ٹیم نے3وکٹوں کے نقصان پر 150رنزبنائے تھے کہ میچ کے لیے مقررہ وقت ختم ہوگیا۔میچ ڈرا کرنے کے  باوجود سدرن پنجاب کی ٹیم نے پوائنٹس ٹیبل پر بہتر پوزیشن کے باعث  ایونٹ کے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔نیا ناظم آباد گرانڈ کراچی میں سندھ نے آخری رانڈ میں بلوچستان کو 10وکٹوں سے شکست دے دی۔ خیبرپختونخوا اور سدرن پنجاب کی ٹیموں کے درمیان ایونٹ کا فائنل  26سے 29نومبر تک اسٹیٹ بنک اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی