نیشنل گیمز میں پنجاب کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس

نیشنل گیمز میں پنجاب کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس

  



لاہور(سپورٹس رپورٹر)ڈائریکٹر ایڈمن جاوید چوہان کی زیرصدارت جمعہ کے روز سپورٹس بورڈ پنجاب میں 33ویں نیشنل گیمز پشاور میں پنجاب کی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے اہم اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں ڈائریکٹر سپورٹس حفیظ بھٹی، پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکرٹری ادریس حیدر خواجہ اور تمام سپورٹس تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی، اجلاس میں کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا اور تمام ایسوسی ایشنز سے رپورٹ طلب کی گئی، سپورٹس ایسوسی ایشنز کو ہدایت کی گئی کہ وہ کھلاڑیوں کی انفرادی کارکردگی اور نیشنل گیمز پشاور میں شرکت کیلئے پشاور میں خیبرپختونخواہ حکومت اور کیمپس میں سپورٹس بورڈ پنجاب کی جانب سے فراہم کی گئی سہولتوں کے بارے میں تفصیلی رپورٹ جلدسپورٹس بورڈ پنجاب کو پیش کریں، اجلاس میں 33ویں نیشنل گیمز پشاور میں پنجاب کے کھلاڑیوں کی پرفارمنس کو سراہتے ہوئے پنجاب کے دستے کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا گیا، ڈائریکٹر ایڈمن جاوید چوہان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب کے کھلاڑیوں نے دیگر صوبوں کے کھلاڑیوں سے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا، پنجاب نے دوسرے صوبوں سے زیادہ 49میڈلز جیت کر صوبوں میں پہلی پوزیشن حاصل کی ہے،انہوں نے مزید کہا کہ نیشنل گیمز پشاور میں میڈلز جیتنے والے پنجاب کے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔

ڈائریکٹر سپورٹس حفیظ بھٹی نے اجلاس کو بتایا کہ 33ویں نیشنل گیمز پشاور میں ملک بھر سے کھلاڑیوں نے حصہ لیا اس لئے مقابلہ بہت سخت تھا ا س میں پنجاب کے تمام کھلاڑیوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا، کھلاڑیوں نے محنت اور جیت کے جذبے کیساتھ مقابلوں میں حصہ لیا،پنجاب نے سونے کاایک، چاندی کے 14اور کانسی کے 34تمغے جیتے ہیں، پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکرٹری ادریس حیدر خواجہ نے کہا ہے کہ صوبائی وزیر کھیل رائے تیمور خان بھٹی اور ڈائریکٹر سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ کے تعاون پر شکرگزار ہیں،سپورٹس بورڈ پنجاب نے نیشنل گیمز پشاور کے لئے بہترین سہولتیں فراہم کیں، تربیتی کیمپس میں بھی کھلاڑیوں کو اچھی سہولتیں فراہم کی گئیں جس نے کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔مستقبل میں بھی سپورٹس بورڈ پنجاب کے ساتھ مل کر سپورٹس کے فروغ اور ترقی کے لئے کام کرتے رہیں گے۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی