انڈر 19 کرکٹرز کا ہائی پرفارمنس کیمپ پیر سے لاہور میں شروع ہوگا

  انڈر 19 کرکٹرز کا ہائی پرفارمنس کیمپ پیر سے لاہور میں شروع ہوگا

  



لاہور(سپورٹس رپورٹر)قومی انڈر 19 کرکٹرز کا ہائی پرفارمنس کیمپ پیر سے نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں شروع ہوگا۔ہائی پرفارمنس کیمپ میں 28 نوجوان کرکٹرز شرکت کریں گے۔25 نومبر سے این سی اے میں شروع ہونے والا کیمپ 6 ہفتوں تک جاری رہے گا۔کیمپ میں شریک کھلاڑی این سی اے کوچز کی کی زیرنگرانی تربیت حاصل کریں گے۔نسیم شاہ، روحیل نذیر اور حیدر علی کو بھی کیمپ میں طلب کیا گیا ہے۔نسیم شاہ آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے بعد کیمپ جوائن کریں گے۔روحیل نذیر اور حیدر علی اے سی سی ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ میں شرکت کے بعد کیمپ جوائن کریں گے۔ڈومیسٹک کرکٹ میں مصروف کھلاڑی بھی میچز مکمل ہونے کے بعد کیمپ میں شرکت کریں گے۔

ہائی پرفارمنس کیمپ کا مقصد آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ 2020 کی تیاریوں کا آغاز کرنا ہے۔ کیمپ کے دوران این سی اے کے کوچز کھلاڑیوں کی فٹنس اور کرکٹ کی صلاحیتوں میں نکھارلانے کے لیے جامع پلان پر عمل کریں گے۔28 کھلاڑیوں کا انتخاب سلیم جعفر کی سربراہی میں قائم کردہ جونیئر سلیکشن کمیٹی نے کیا ہے۔ یکم ستمبر 2000 یا اس کے بعد پیدا ہونے والے کھلاڑیوں کو کیمپ میں طلب کیا گیا ہے۔آئی سی سی انڈر 19 ورلڈکپ 2020، 17 جنوری سے جنوبی افریقہ میں شروع ہوگا۔کیمپ میں شریک کرکٹرز میں عبدالواحد بنگلزئی(بلوچستان)، ابو حریرہ (بلوچستان)، اختر شاہ (بلوچستان)، عامر علی (سندھ)، عامر خان (خیبرپختونخوا)، عماد بٹ جونیئر(سنٹرل پنجاب)، آرش علی خان (سندھ)، حیدر علی (ناردرن)، حارث جاوید خان (سدرن پنجاب)، حسیب اللہ (بلوچستان)، جہانزیب سلطان (سندھ)، محمد عباس آفریدی (خیبرپختونخوا)، محمد حارث (خیبرپختونخوا)، محمد حریرہ ملک (سنٹرل پنجاب)، محمد عرفان خان (سنٹرل پنجاب)، محمد جنید (بلوچستان)، مبشر خان(ناردرن)، محمد عامر خان (خیبرپختونخوا)، محمد باسط (سدرن پنجاب)، محمد مکی (سندھ)، محمد شہزاد (سدرن پنجاب)، محمد طحہٰ (سندھ)، محمد وسیم جونیئر (خیبرپختونخوا)، نسیم شاہ (سنٹرل پنجاب)، قاسم اکرم (سنٹرل پنجاب)، روحیل نذیر (ناردرن)، صائم ایوب (سندھ) اور شیراز خان (ناردرن) شامل ہیں،قومی اور بین الاقوامی کرکٹ کھیلنے میں مصروف کھلاڑی ایونٹ ختم ہونے کے بعد کیمپ میں شرکت کریں گے۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی