کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی میں ایپکا کی سیرت النبیؐ کانفرنس

   کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی میں ایپکا کی سیرت النبیؐ کانفرنس

  



لاہور (پ ر) کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی میں ایپکا کے زیراہتمام سیرت النبیؐ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت وائس چانسر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر خالد مسعود گوندل نے کی۔  بابرکت تقریب میں فیکلٹی کے سینئر پروفیسرز کے ای ایم یو ایپکا کے عہدیداران کے علاوہ ظفر علی خان صدر ایپکا پنجاب اور مختار احمد گجر صدر ایپکا لاہور ڈویژن نے بھی شرکت کی۔ خطیب کے ایم ایم یو قاری محمد عمران خان نے  سیرت النبیؐ  پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں زندگی کے ہر شعبہ میں اسوہ حسنہ کو مشعل راہ بنانا چاہئے۔ کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر خالد مسعود گوندل نے اپنے صدارتی خطبہ میں کہاکہ ہمیں اللہ تعالیٰ کے احکامات اور حضرت محمدؐ کی سیرت کو اپنی زندگی میں مکمل طریقے سے لاگو کرناچاہئے کیونکہ دنیا و آخرت میں یہی ہماری کامیابی کی ضمانت ہے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ حقوق اللہ کے ساتھ ساتھ اللہ تعالیٰ نے حقوق العباد کی ادائیگی کا بھی حکم فرمایا ہے۔  کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے صدر رانا محمد اقبال اور جنرل سیکرٹری محمد رؤف قریشی نے اس مبارک موقع پر تمام ملازمین کے ساتھ یہ عہد کیا کہ وہ زندگی بھر انتہائی جانفشانی اور دیانتداری سے کام کریں گے وقت کی پابندی کے ساتھ اپنی ذم داریوں سے عہدہ برآ ہوں گے۔ انہوں نے وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر خالد مسعود گوندل سمیت یونیورسٹی انتظامیہ کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا جنہوں نے قانونی تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے ایپکا کے جائز مطالبات کو منظور کیا۔ ملازمین نے اس موقع پر کے ایم ایم یوسینڈیکیٹ کا شکریہ ادا کیا جس کی منظوری کے بعد حکومتی احکامات میں درجہ چہارم کے 221ملازمین کو اگلے گریڈ میں ترقی کی منظوری دی۔ اس موقع پر کے ای ایم یو ایپکا کے عہدیداران نے کہا کہ ہم درخواست اور امید کرتے ہیں کہ کنٹریکٹ ملازمین جن کے 3سال مکمل ہو چکے ہیں ان کے حکومت پنجاب کے احکامات کی روشنی میں مستقل تعیناتی کے احکامات جلد جاری کردیئے جائیں گے۔ تقریب میں سٹیج سیکرٹری کے فرائض رشید احمد سندھو ایڈیشنل جنرل سیکرٹری کے ای ایم ایپکا نے بڑے احسن طریقے سے انجام دیئے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1