لیسکو کے دوران ڈیوٹی وفات پانے والے ملازمین کے بچوں میں تقرر نامے تقسیم
لاہور(سٹی رپورٹر)لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو)کے دوران ڈیوٹی وفات پانے والے ملازمین کے بچوں /بیواؤں میں تقرر نامے تقسیم کرنے کی تقریب اٍ لیسکو ہیڈ کوارٹر میں ہوئی جس میں چیف ایگزیکٹو مجاہد پرویز چٹھہ، ڈائریکٹر ایچ آر آضیہ شعیب،ڈائریکٹر فنانس امتیاز جگری اورجنرل سیکرٹری واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک یونین خورشید احمد خان سمیت یونین کے اعلیٰ عہدیداران نے شرکت کی۔ خورشید احمد خان نے تقریب کے آغاز پر وفات پانے والے ملازمین کے ایصال ثواب کے فاتحہ خوانی کروائی اور ان ملازمین کے ورثاء کو لیسکومیں بھرتی کرنے پرچیف ایگزیکٹو مجاہد پرویز چٹھہ کا شکریہ ادا کیا۔ان کا کہنا تھا کہ لیسکو میں دوران ڈیوٹی وفات پا نے والے ملازمین کے بچوں اور بیواؤں میں تقرر نامے تقسیم کرنے پر لیسکو انتظامیہ کے بے حد مشکور ہیں۔چیف ایگزیکٹو مجاہد پرویز چٹھہ نے اپنے خطاب میں تمام نئے ملازمین کو کمپنی میں خوش آمدید کہا ان کا کہنا تھا کہ ہم جان کی بازی ہارنے والے اپنے محنتی ورکرز کو واپس تو نہیں لا سکتے تاہم ان کی کمپنی کے لئے خدمات کے صلے میں آپ لوگوں کو بناء کسی امتحان کے کمپنی میں بھرتی کیا گیا ہے تاکہ ہمارے ملازمین کے اہلخانہ کی مشکلات میں کسی حد تک کمی لائی جاسکے۔ چیف ایگزیکٹو مجاہد پرویز چٹھہ نے نئے بھرتی ہونے والے لائن اسٹاف کو سیفٹی کے حوالے سے بھی آگاہ کیا ان کا کہنا تھا کہ لائن اسٹاف کام کے دوران اپنی سیفٹی کا خیال رکھیں اور سیفٹی کے تقاضوں کوکبھی نظرانداز نہ کریں۔ڈایکٹر ایچ آر آضیہ شعیب نے بتایا کہ سرکاری ملازمت کا حصول انتہائی مشکل اور مقابلہ نہایت سخت ہوتا ہے اس کی بڑی مثال لیسکو میں ہی دیکھی جاسکتی ہے جہاں حال ہی میں مشتہر کردہ بل ڈسٹریبیوٹر کی 33آسامیوں کے لئے کل 72000درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ ان کا کہنا تھا آپ لوگ اپنے والد کی خدمات کے مد میں انتہائی مشکل مقابلے سے گزرے بناء ہی مختلف آسامیوں کے لئے بھرتی کرلئے گئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ آپ مزید محنت کریں گے اور کمپنی کا نام روشن کریں گے۔بعدازاں 16 ملازمین کے بچوں /بیواؤں میں اکاؤنٹ اسسٹنٹ، کمرشل اسسٹنٹ وغیرہ کے تقرر نامے تقسیم کئے گئے