مال روڈ،تاجروں کا پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی ملازمین کے دھرنے پر دھاوا،کیمپ اکھاڑ دیئے

مال روڈ،تاجروں کا پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی ملازمین کے دھرنے پر دھاوا،کیمپ ...

  



لاہور(این این آئی)مال روڈ اور اس سے ملحقہ تجارتی مراکز کے تاجروں نے پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کے ملازمین کے دھرنے پر دھاوا بول دیا، تاجروں نے دھرنے کے شرکاء کے کیمپ اکھاڑ دئیے اور سامان کی توڑ پھوڑ بھی کی، سکیورٹی پرموجود پولیس اہلکار خاموش تماشائی بنے رہے۔پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کے ملازمین کی جانب سے پنجاب اسمبلی کے سامنے مال روڈ پر 12ویں روز بھی دھرنا دیا گیا جس کی وجہ سے مال روڈ اور ملحقہ شاہراہوں پر ٹریفک کا نظام جام رہا۔ آل پاکستان انجمن تاجران نعیم میر گروپ کے جنرل سیکرٹری نعیم میر کی قیادت میں مال روڈ اور ملحقہ تجارتی مراکز کے تاجروں نے اپنے ملازمین کے ہمراہ پنجاب لینڈ ریکارڈ کے دھرنے پر دھاوا بول دیا اوران کے کیمپ اکھاڑ دئیے اور سامان کی توڑ پھوڑ کرتے ہوئے اٹھاکر پھینک دیا۔ اس موقع پر تاجروں اور دھرنے کے شرکاء کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوئی تاہم پولیس اہلکار خاموش تماشائی بنے رہے۔ دھرنے کے شرکاء اپنا بچا کھچا سامان لپیٹ کر ایک طرف ہو گئے۔ تاجروں کا کہنا تھاکہ مال روڈ پر آئے روز احتجاج اوردھرنوں کی وجہ سے کاروبارتباہ ہو گیا ہے اور روز کے اخراجات پورے کرنا مشکل ہو گیا ہے۔ حکومت سے درخواست ہے کہ مال روڈ کو ریڈ زون قرار دینے کے فیصلے پر عمل درآمد کرائے۔

تاجر/دھاوا

مزید : صفحہ آخر