چنیوٹ میں 200ایکڑ رقبے پر ”فرنیچر سٹی“ بنایا جائیگا:میاں اسلم اقبال

چنیوٹ میں 200ایکڑ رقبے پر ”فرنیچر سٹی“ بنایا جائیگا:میاں اسلم اقبال

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(لیڈی رپورٹر،فلم رپورٹر) صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال نے اعلان کیا ہے کہ چنیوٹ سے 12کلومیٹر کے فاصلے پر200ایکڑ رقبے پر فرنیچر سٹی بنایا جائے گا جس سے 50ہزار سے زائد لوگوں کو روزگار ملے گا۔فرنیچر انڈسٹری مستحکم ہو گی۔فرنیچر سٹی میں مقامی فرنیچر سازوں کو رعائتی بنیادوں فرنیچر سازی کے یونٹ لگانے کیلئے پلاٹ فراہم کئے جائیں گے۔فرنیچر کی برآمد میں اضافہ وقت کی ضرورت ہے اور اس مقصد کے لئے ہر ممکن تعاون کریں گے۔صوبائی وزیر نے اس امر کا اعلان گزشتہ روز ایکسپو سنٹر جوہر ٹاؤن میں پاکستان فرنیچر کونسل کے زیر اہتمام ”11ویں انٹیرئیرایکسپو“ کے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔چیئرمین فیڈمک میاں کاشف،سی ای او فیڈمک عامر سلیمی اور فرنیچر کونسل کے دیگر اراکین بھی اس موقع پر موجود تھے۔افتتاح کے بعد صوبائی وزیر نے نمائش میں لگائے گئے مختلف سٹالوں کا معائنہ کیا اور مقامی سطح پر تیار کردہ فرنیچر کے معیار کو سراہا۔صوبائی وزیر نے کہا کہ پاکستان کا فرنیچر دنیا بھر میں مشہور ہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ اس کی برآمدات بڑھانے کے لئے اقدامات کئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ شاندار نمائش کے انعقاد منتظمین کو مبارکباد دیتا ہوں اور ایسی نمائشیں مقامی مصنوعات کے فروغ میں موثر کردار ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فرنیچر کی برآمدات بڑھانے کیلئے فرنیچر سازوں کی تجاویز کا خیرمقدم کر یں گے۔صوبائی وزیر اطلاعات وثقافت میاں اسلم اقبال نے میڈیا کے نمائندوں کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے کہا وفاقی سطح پر کابینہ میں کچھ تبدیلی ہوئی ہے تاہم پنجاب میں ابھی ایسی کوئی بات نہیں۔کابینہ میں ردوبدل وزیراعلی پنجاب کا استحقاق ہے اور اس حوالے سے جو وہ مناسب سمجھیں گے گریں گے۔سپیکر پنجاب اسمبلی کی وزیراعلی سے ملاقات کے بارے میں کہا کہ ایسی ملاقاتیں جمہوری عمل کا حصہ ہوتی ہیں اور عوام کی فلاح وبہبود کے لئے مشاورت کے لئے ضروری ہیں اور اسے اسی تناظر میں لینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے گزشتہ سواسال کے دوران عوام کو ریلیف کی فراہمی کیلئے محنت سے کام کیا ہے۔مصنوعی مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے لئے صوبے بھر میں مجسٹریٹس کو متحرک کیا گیا ہے اور اب تک ناجائز منافع خوروں کو 38کروڑ روپے سے زائد جرمانے کئے جا چکے ہیں۔ پنجاب پر تنقید کرنے والے اشیا ضروریہ کی قیمتوں کے حوالے سے دوسروں صوبوں سے موازنہ کریں تو انہیں واضح فرق نظر آئے گا۔ پنجاب میں اشیاضروریہ کی قیمتیں دوسرے صوبے کے مقابلے میں کم ہیں اور آئندہ چند روز میں ان میں مزید کمی آئے گی۔ بعدازاں صوبائی وزیر نے ایکسپو سنٹر میں پرنٹ پاک 2019نمائش کا افتتاح کیا۔یہ نمائش تین روز تک جاری رہے گی۔صوبائی وزیر نے نمائش میں لگائے گئے مختلف سٹالز کا معائنہ کیااور منتظمین کو نمائش کے انعقادپر مبارکباد دی۔علاوہ ازیں پاکستان فرنیچر کونسل کی جانب سے بتایا گیا ہے کہگورنر پنجاب چودھری محمد سرور اور دیگر اہم حکومتی اور نجی عہدیداربھی فرنیچرایکسپو کا دورہ کریں گے،فرنیچر سے تعلق رکھنے والے 50 نامور برانڈز اپنی پراڈکٹس کی نمائش کریں گے جبکہ تقریب میں 60 ہزار سے زائد لوگوں کی شرکت متوقع  ہے جہاں لوگ باآسانی گھریلو فرنیچر کا سامان خرید سکیں گے۔
میاں اسلم اقبال

مزید :

صفحہ آخر -