پاکستان میں اب صرف عوام کی ترقی کا پلان کامیاب ہو گا:عثمان بزدار

پاکستان میں اب صرف عوام کی ترقی کا پلان کامیاب ہو گا:عثمان بزدار

  



لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہاہے کہ چند روز پہلے پاکستان کی ترقی کے مخالف لوگ مختلف پلان لے کر اسلام آباد پہنچے جس کوپاکستان کے عوام نے ناکام بنایا،وہ لوگ سن لیں کہ پاکستان میں کوئی پلان اے،بی یا سی کامیاب نہیں ہوگا بلکہ صرف ایک ہی پلان کامیاب ہوگا اور وہ پاکستان کے عوام کی ترقی کا پلان ہے اور وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں عوام کی ترقی کے پلان کو کوئی نہیں روک سکتا لہٰذاکسی کو ترقی کے سفر میں رکاوٹ نہیں ڈالنے دیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے میانوالی میں 19ارب روپے کے 8میگا پراجیکٹس کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وزیراعلیٰ نے سرائیکی زبان میں تقریر کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت عوام سے کئے گئے وعدے پورے کر رہی ہے،میانوالی کے لوگوں نے ہمیشہ وزیراعظم عمران خان سے غیر مشروط محبت کی ہے اورہم میانوالی کے لوگوں کی محبت کے مقروض ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں عوام کی خدمت کا سفر شروع ہوچکا ہے جبکہ ماضی میں میانوالی کو اپوزیشن کا علاقہ سمجھ کر دانستہ پسماندہ رکھا گیا لیکن ہم پسماندہ علاقوں کو ترقی یافتہ علاقوں کے برابر لائیں گے،پسماندہ علاقوں کی تمام محرومیاں دور کریں گے اور میانوالی کو سہولتوں کے اعتبار سے مثالی شہر بنائیں گے۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ میانوالی میرا دوسرا گھر ہے اورمیں میانوالی با ربا رآتا رہوں گا اوروزیراعظم پیکیج کے تحت منصوبوں پر ہونے والی پیشرفت کی خود نگرانی کروں گا۔بعدازاں وزیراعلیٰ پنجاب کیساتھ مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی۔وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میں صوبائی وزیر میاں خالد محمود، اراکین پنجاب اسمبلی نوابزادہ منصور احمد خان، محمد رضا حسین بخاری، محمد عون حمید، میاں علمدار عباس قریشی، نیاز حسین خان، سردار احمد علی دریشک اور دیگر شامل تھے۔ وزیراعلیٰ نے اراکین اسمبلی کی جانب سے حلقو ں کے مسائل کے حل اور ترقیاتی کاموں کے حوالے سے موقع پر ہی احکامات جاری کئے۔وزیراعلیٰ محمد عثمان بزدار نے اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب میں عوام کی سہولت اورضرورت کے مطابق قوانین میں ترامیم کی جا رہی ہیں،پنجاب اسمبلی نے قانون سازی کے نئے ریکارڈ قائم کیے ہیں، ایک سال میں وہ کام کئے ہیں جو سابق حکومتیں کئی کئی سال نہیں کر سکیں۔انہوں نے کہاکہ پائیدار معاشی ترقی کیلئے قیادت کا ایماندار ہونا ضروری امر ہے اور وزیراعظم عمران خان پاکستان کو معاشی افق کی بلندیوں تک لے کر جائیں گے۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ ماضی میں نمائشی منصوبوں کو شروع کرکے قومی خزانہ لٹایا گیا جبکہ ہماری حکومت نے ماضی کی غلط روایت کا خاتمہ کیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے اراکین پنجاب اسمبلی کی ملاقات،وزیراعلیٰ نے حلقو ں کے مسائل کے حل کیلئے موقع پر ہی احکامات دئیے۔

سردارعثمان بزدار

مزید : صفحہ اول