مسلم لیگ (ن) کا 2020ء مشن پورا ہونیوالا نہیں،عمران خان 5سالہ سیریز جیت چکے:فردوس عاشق

مسلم لیگ (ن) کا 2020ء مشن پورا ہونیوالا نہیں،عمران خان 5سالہ سیریز جیت ...

  



اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر کو سیاسی دھمکیاں دینا بند کریں، احسن صاحب آپ جس مشن ٹونٹی ٹونٹی پرہیں وہ پورا نہیں ہونے والا، عمران خان 2018ء میں پانچ سالہ سیریزجیت چکے ہیں۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا لٹیرا لیگ احسن انداز میں جھوٹ کا اقبال بلند کررہی ہے، آپ کی قیادت کے تمام اکاؤنٹس ہی بیرون ملک ہیں، کاروبار اور علاج بھی بیرون ملک میں ہے،پاناما کی کرپشن اور کالی کمائی کے انبار قوم بھول نہیں گئی،عدالتی سزایافتہ کو معصوم ثابت کرنے کیلئے عمران خان کی امانت ودیانت پر انگلی اٹھا کر احسن اقبال گنہگار ہورہے ہیں۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا سپریم کورٹ پر آپ نے حملہ کیا یا بریف کیسوں کی چمک آپ دکھاتے رہے،اب نئے بھیس میں پھر قوم کو دھوکا دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔علاوہ ازیں  جی سی یونیورسٹی سیالکوٹ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف جلد صحت یاب ہوں،قانون نواز شریف کا علاج کرنے کیلئے بے چین ہے اور عوام نے دیکھا نواز شریف کیسے ہشاش بشاش طیارے میں بیٹھ کر گئے جبکہ لندن میں علاج چل رہا ہے اور امید ہے نواز شریف مقررہ مدت میں واپس آ جائیں گے جبکہ تصاویر بتا رہی ہیں میاں صاحب کی صحت کو کیا خطرات ہیں،میڈیا پر ایئر ایمبولینس کا تذکرہ رہا، نواز شریف قطری طیارے میں گئے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف احتساب پر یقین رکھتے ہیں، ملک میں یکساں قوانین کا اطلاق چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن تحریک انصاف کے ساتھ دوسری جماعتوں کے خلاف بھی درخواستیں سنے، اپوزیشن الیکشن کمیشن پر انگلیاں اٹھاتی ہے جبکہ رہبر کمیٹی کے ارکان پر تو خوف طاری ہے، وزیراعظم عمران خان معاشی چیلنجز سمیت سب سے نمٹ رہے ہیں اور ملک میں معاشی استحکام آنے سے سیاسی مخالفین کی زبانیں بند ہو جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ جس الیکشن کمیشن نے انتخابات کرایا، اپوزیشن اسی سے دوا لینے گئے ہے، اپوزیشن کو بتانا چاہتی ہوں کہ یہ وہی الیکشن کمیشن ہے جس نے 2018  کا الیکشن کرایا ہے جبکہ رہبر کمیٹی راہزن کمیٹی بن چکی ہے۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ہماری ذمہ داری حکومت کا بیا نیہ میڈیا کے ذریعے عوام تک پہنچانا ہے، قوم کو ذہنی غلامی سے نجات دلانے کیلئے جدوجہد کر نا ہو گی، اپنے اندر تبدیلی لائے بغیر کوئی تبدیلی کارگر ثابت نہیں ہوتی، آپ اور ہم سب نے مل کو اس نظا کو بدلنا ہے، خواتین کو سیاسی اور معاشی محاذ پر خودمختاری دینا ہوگی۔اس موقع پر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے جی سی یونیورسٹی سیالکوٹ کی 100طالبات میں سکالر شپ کا اعلان کر دیا۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ امریکہ نے افغان  امن عمل پر پاکستان کے کردار کو سراہا ہے، پاکستانی حکومت افغانستان کے صدارتی انتخابات میں عوام کی رائے اور ووٹ کو اہمیت دیتی ہے اور منتخب صدر کے آنے سے خطے میں امن و استحکام کے قیام میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ مقبوض کشمیر میں نریندر مودی کی حکومت نے کشمیریوں کے حقوق چھین لئے ہیں اور کشمیریوں کو محصور کردیا گیا ہے، مودی حکومت نے مقبوضہ وادی میں آزادی اظہار رائے کا قتل کردیا ہے، وزیراعظم عمران خان انسانیت کی تذلیل اور تمام مشکلات سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو آگاہ کیا اور ایک بار پھر سے اقوام متحدہ سمیت انسانی حقوق کے اداروں کی توجہ کشمیر کی طرف دلائی ہے اور ان کے ذہنوں کو جھنجھوڑا ہے کہ کشمیریوں کی آواز سنے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان  نے کہا کہ  تحریک انصاف ایک جمہوری جماعت ہے اور جمہوریت میں آزادی اظہار رائے کا حق حاصل ہوتا ہے جبکہ عدالتی فیصلوں پر عوامی نمائندے عوام کے رائے پر بات کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس کے حوالے سے وزیراعظم کی تقریر کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا، وزیراعظم عدلیہ کو خود مختار اور آزاد ادارے کے طور پر مضبوط کرنا چاہتے ہیں، چیف جسٹس  آف پاکستان عدلیہ کے ماتھے کا جھومر ہیں۔

فردوس عاشق

مزید : صفحہ اول