نفرت انگیز تقریر کا الزام،مسلم لیگ (ن) کا وزیر اعظم کیخلاف مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ
لاہور/اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک،آئی این پی)مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے خلاف نفرت انگیز تقاریر کا مقدمہ چلنا چاہئے۔میانوالی میں وزیراعظم عمران خان کی تقریر پر ردعمل دیتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا ثابت ہوگیا کہ وزیراعظم کا ذہنی توازن ٹھیک نہیں ہے، ان کا میڈیکل چیک اپ ہونا چاہیے کیونکہ وزیراعظم جب بول رہا ہوتا ہے تو دنیا ان کو سن رہی ہوتی ہے۔(ن) لیگ کی ترجمان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم ہر جگہ جاتے ہیں تو نوازشریف اور شہبازشریف کا تذکرہ کرتے ہیں،انہوں نے کہا کہ مسئلہ یہ ہے کہ حکومت کی کارکردگی صفر ہے اورانہیں سمجھ نہیں آرہی کہ منڈیلا جیسے عظیم شخص کو اپنے مخالف سے ملا رہے ہیں جبکہ یہ شہباز شریف کی خوش قسمتی ہے کہ ان کو منڈیلا جیسے عظیم لیڈر سے ملایا جائے۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ حسد اور سیاسی انتقام میں وزیراعظم ذہنی مریض بن گئے ہیں، دائیں بائیں بیٹھے ہوئے لوگوں کو ان کا معائنہ کروانا چاہئے۔علاوہ ازیں مسلم لیگ ن نے نواز شریف کو لندن لے جانے والی ایئر ایمبولنس کے اندر کی تصاویر جاری کردیں۔سابق وزیراعظم نواز شریف کو علاج کیلئے لندن لے جانے والی ائیر ایمبولنس کو حکومتی حلقوں کی جانب سے شاہی طیارہ قرار دینے پر مسلم لیگ ن نے ائیر ایمبولینس کے اندر کی تصاویر جاری کر دیں۔مسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے اپنے ٹویٹ میں وزیراعظم کو مسٹر پرائم ڈس انفارمر قرار دیتے ہوئے کہا کہ مسٹر پرائم ڈس انفارمر آپ نے ائیر ایمبولنس کا ایک حصہ دیکھا، دوسرا حصہ آپ نے جان بوجھ کر نظر انداز کیا۔احسن اقبال نے عمران خان کو کہا کہ وہ نواز شریف فوبیا سے باہر آ جائیں اور اگر رحم کر سکیں تو 22 کروڑ عوام پر رحم کھائیں، جو آپ کے جھوٹ اور ناتجربہ کاری کا خمیازہ بھگت رہے ہیں۔
مسلم لیگ ن/مطالبہ