بنگلہ دیش: سیدپور میں واقع محصورین کے کیمپ میں آتشزدگی

  بنگلہ دیش: سیدپور میں واقع محصورین کے کیمپ میں آتشزدگی

  



کراچی (اسٹاف رپورٹر) تحریکِ محصورین مشرقی پاکستان کے جنرل سکریٹری حیدر علی حیدر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بنگلہ دیش کے شہر سید پور میں واقع محصور پاکستانیوں کے کیمپ میں جھگی میں چولہا بھڑک جانے کی وجہ سے آگ لگ گئی اور دیکھتے ہی دیکھتے 50جھگیوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جو جل کر خاکستر ہوگئیں۔ حیدر علی حیدر کو بنگلہ دیش میں محصور پاکستانیوں کی نمائندہ تنظیم اسٹرینڈڈپاکستانیز جنرل ریپٹریشن کمیٹی (SPGRC)کے رہنما ہارون الرشید نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ متاثرین جو پہلے ہی اذیت ناک زندگی گذار نے پر مجبور تھے اب وہان کی سخت سردی میں کھلے آسمان تلے رہنے پر مجبور ہیں۔ واضح رہے کہ بنگلہ دیش کے مختلف شہروں میں قائم محصورین کے کیمپوں کی تعداد 66سے زائد ہے جبکہ بنگلہ دیش میں محصور پاکستانیوں کی کل تعداد تقریباً تین لاکھ ہے جو نصف صدی یعنی 50سال سے پاکستان آنے کیلئے ایڑیاں رگڑ رہے ہیں۔ ان کا قصور صرف یہ ہے کہ انہوں نے ملک کی بقاء کیلئے پاک فوج کا ساتھ دیا تھا انہیں حُب الوطنی کی جو سزا دی جارہی ہے دنیا میں اس کی مثال نہیں ملی۔ تحریک ِ محصورین مشرقی پاکستان کے جنرل سکریٹری حیدر علی حیدر نے صدرِ مملکت اور وزیراعظم سے اپیل کی ہے کہ انہیں وطن واپس لانے کیلئے کوئی لائحہ عمل تیار کیا جائے اور بنگلہ دیش کے شہر سید پور میں آگ سے متاثر خاندانوں کو گرم کپڑے اور ضروریات ِ زندگی کے سامان بھیجنے کا انتظام کریں۔

مزید : صفحہ آخر