الخدمت کے تحت عالمی یوم اطفال پر مفت میڈیکل کیمپ کا انعقاد

  الخدمت کے تحت عالمی یوم اطفال پر مفت میڈیکل کیمپ کا انعقاد

  



کراچی (اسٹاف رپورٹر) الخدمت فریدہ یعقوب اسپتال کی انتظامیہ کی جانب سے ”بچوں کے عالمی دن“ کی مناسبت سے گلشن حدیدمیں ایک آگاہی واک کا اہتمام کیا گیا۔واک میں گلشن حدید کے مختلف تعلیمی اداروں کے طلبہ وطالبات اور اسپتال کے ذمہ داران نے شرکت کی۔اس موقع پر ماہرین اطفال اور اسکولوں کے اساتذہ کا کہنا تھا کہ بچے اس گلستان کے پھول ہیں۔ان ہی کے دم سے اس جہاں کی رونق ہے۔ان کو بہترین تعلیم وتربیت کی فراہمی ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔مقررین کا کہنا تھا کہ بچے خواہ یتیم ہوں،معذور ہوں،کم عمر ہوں یا بڑی عمر کے ان کی مناسب تعلیم وقت کی ضرورت ہے۔لہٰذا ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ ہم گلستان کے ان پھولوں کی بہترین آبیاری کریں۔دریں اثنا الخدمت فریدہ یعقوب اسپتال کی جانب سے مفت میڈیکل کیمپ منعقد کیا گیا،جہاں ڈاکٹر عطیہ بدر نے بچوں کے میڈیکل چیک اپ کے ساتھ انہیں تجویز کردہ ادویہ بھی فراہم کیں۔گلشن حدید کے مکینوں نے الخدمت فریدہ یعقوب اسپتال کی اس کاوش کو سراہا۔

مزید : صفحہ آخر