اسکول آف فائنانس اینڈانفارمیشن ٹیکنالوجی کاباقاعدہ افتتاح کردیاگیا
کراچی (کرائم رپورٹر)سینٹرل پولیس آفس کراچی میں قائم اسکول آف فائنانس اینڈآئی ٹی کا امروز باقاعدہ افتتاح کردیا گیا۔تقریب میں وزیراعلیٰ سندھ کے مشیربیرسٹرمرتضیٰ وہاب نے باالخصوص شرکت کرتے ہوئے اسکول کا باقاعدہ افتتاح کیا۔اس موقع پر آئی جی سندھ ڈاکٹرسیدکلیم امام،اکاؤنٹنٹ جنرل سندھ غفران میمن،ڈی آئی جی فائنانس ودیگر سینئر پولیس افسران بھی انکے ساتھ تھے۔ڈی آئی جی فائنانس ذوالفقار لاڑک نے اسکول کے قیام کی ضرورت اور اسکے تحت اُٹھائے جانیوالے ضروری اقدامات سمیت شفاف،غیرجانبدارانہ اوربامقصد پولیسنگ کے عمل میں اسکی اہمیت اورافادیت پر تفصیلی بریفنگ دی۔وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر بیرسٹر مرتضی وہاب نے اپنے خطاب میں کہا کہ محکمانہ امور واقدامات میں جدت اور اسے ہرلحاظ سے بہترین اورمؤثر بنانا کسی بھی حکومتی ادارے کی ایک ضرورت ہے۔پولیس ملازمین اورمنسٹریل اسٹاف کو محکمانہ وسائل کے استعمال کی بابت باقاعدہ تربیت کی فراہمی سے ناصرف انکی صلاحیتوں کو تقویت ملیگی بلکہ فائنانس کے حوالے سے مجموعی امور و لائحہ عمل بھی بہتری کی جانب گامزن ہوگا۔انہوں نے کہاکہ گڈ گورننس کیلئے کوئی طاقت نہیں جو روک سکے۔آئی جی سندھ نے ادارہ بنایا ہے اُمید ہے بہترکام کرے گا۔سندھ حکومت قانون بناتی ہے پولیس کاکام عملداری ہے۔بچوں اورخواتین کے حقوق کی پاسداری اورتحفظ ضروری ہے۔قانون پرعمل کریں گے تو امن و امان کی صورتحال بہترہوگی۔انہوں نے مزید کہا کہ ہراچھے کام میں سندھ حکومت پولیس کے ساتھ ہوگی۔آئی جی سندھ نے معزز مہمانِ خصوصی کی آمد اور اسکول کے افتتاح پر انکا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس اسکول کی تعمیر سے لیکر اسکی تکمیل اور افتتاحی عمل میں حکومت سندھ کا ہر ہر قدم پر تعاون اور معاونت کا میں تہہ دل سے مشکور و منون ہوں۔انہوں نے کہا کہ اس اسکول کے نصاب کی تیاری میں ملک کے ممتاز تعلیمی اداروں کے معروف اورتجربہ کار ماہرین،سینٹرل پولیس آفس میں تعینات سندھ پولیس کے تجربہ کار آفس اسٹاف کی مشاورت اورتجاویز کلیدی حیثیت رکھتے ہیں۔آئی جی سندھ نے کہا کہ یہ اسکول دستیاب اور فراہم کردہ سہولیات کے باعث اسٹیٹ آف آرٹ کا درجہ رکھتا ہے جسکی باقاعدہ ایک ایس او پی کے تحت ترجیحات اور مقاصد ہیں۔تقریب سے خطاب میں اے جی سندھ غفران میمن نے کہا کہ اس اسکول سے تربیتی کورسز کی کامیاب تکمیل کے بعد اکاونٹس سے متعلق محکمانہ امور میں پولیس کی صلاحیتوں کو مزید تقویت ملیگی۔