جماعت اسلامی حلقہ خواتین کے تحت ”میڈیاورکشاپ“جاری

  جماعت اسلامی حلقہ خواتین کے تحت ”میڈیاورکشاپ“جاری

  



کراچی (پ ر)جماعت اسلامی حلقہ خواتین کراچی شعبہ نشرواشاعت کے تحت ارقم اسلامک سینٹر میں دوروزہ ”میڈیا ورکشاپ“کا انعقاد کیا گیا، ورکشاپ کے پہلے روز ڈائریکٹر میڈیا سیل پاکستان عالیہ منصور نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے میں جماعت اسلامی کی دعوت کومتعارف کروانے میں نشرواشاعت کے کارکنان بنیادی کردار ادا کرتے ہیں اس لیے ہماری نظریاتی اساس اتنی مضبوط ہونی چاہئیے کہ ہم ہواؤوں کا رخ متعین کر سکیں،موجودہ دور میں جماعت کے وژن اور مشن سے جذباتی وابستگی کے ساتھ ساتھ ابلاغ کے کام میں مہارت اور لگن ہونی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی حلقہ خواتین کا میڈیا سیل منظم ومربوط ہے جو خواتین کی علمی ضروریات اور عملی رہنمائی کیلئے سرگرم عمل ہے۔حریم ادب پاکستان کی صدر عالیہ شمیم نے کہا کہ لکھاری کو قلم مکمل احساس ذمہ داری کے ساتھ استعمال کرنا چاہیئے،آج ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم لوگوں کو امید دلائیں اورانہیں مسائل کا حل دیں،ہر انسان مختلف پہلوؤں پر مشتمل مکمل داستان ہے،تحریک سے وابستہ قلم کارمعاشرے سے متعلق موضوعات منتخب کریں اور مثبت انداز میں کہانیاں اور افسانے تخلیق کریں اس طرح مثبت نتائج برآمد ہوسکتے ہیں۔اسسٹنٹ پروفیسر کراچی یونیورسٹی شعبہ ابلاغ عامہ اسامہ شفیق نے کہا کہ ہمارے اردگرد بے شمار خبریں بکھری ہوئی ہیں،خبر کو وسیع تناظر میں دیکھنا اور پیش کرنا چاہئیے،خبر کی زبان عام فہم اور سادہ الفاظ ہونے چاہئیں۔ورکشاپ سے نائب نگران نشر واشاعت کراچی سیمی نظیر نے بھی خطاب کیا۔

مزید : صفحہ آخر