نوازشریف دیکھنے میں ٹھیک لگتے ہیں کیونکہ کچھ بیماریاں چہروں پر نہیں ظاہر ہوتیں،طلال چوہدری
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)مسلم لیگ نون کے رہنماطلال چوہدری نے کہا ہے کہ نواز شریف دیکھنے میں ٹھیک لگتے ہیں لیکن ان کی طبیعت ٹھیک ہے نہیں۔کچھ بیماریاں چہرے پر نظرنہیں آتیں ۔
اے آر وائی نیوز سے گفتگو میں طلال چوہدری نے کہا کہ حکومت کی وجہ سے لندن میں ان کا علا ج شروع ہونے میں پندرہ دن تاخیر ہوئی، حکومت اب بھی بیماری پر سیاست کررہی ہے۔
عمران خان کی گزشتہ روز کی گئی تقریر پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا ایسی تقریریں کرکے خفت مٹانے کی کوشش کی جارہی ہے۔انہوں نے کہا میڈیکل بورڈ میں خود حکومتی ڈاکٹرز بھی شامل تھے۔
بیرون علاج سے متعلق کئے گئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یہ ڈاکٹرز طے کریں گے کہ کب تک ان کا علاج وہاں ہونا ہے اور اس ضمن میں وہ وفاق، پنجاب حکومت اور عدالت کو اطلاع کرتے رہیں گے۔
شریف برادران کی غیر موجودگی سے متعلق کئے گئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا نون لیگ مضبوط ہے اور ایک نظریے کے تحت اس کے معاملات چل رہے ہیں۔