جعلی اکاونٹس والوں نے پارٹی اکاونٹس کو”بے نامی“پیسے کی ریل پیل کا وسیلہ بناچھوڑا،افتخاردرانی
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے میڈیا افتخار درانی نے فارن فنڈنگ کیس کے حوالے سے مسلم لیگ نون اور پیپلز پارٹی دونوں کو کڑی تنقید کی ہے ان کا کہنا ہے کہ جعلی اکاونٹس والوں نے پارٹی اکاونٹس کو”بے نامی“پیسے کی ریل پیل کا وسیلہ بناچھوڑا۔حنیف عباسی اس کیس مٰں کچھ ثابت نہیں کرسکے،رہزن کمیٹی کے دعووں کی صداقت جاننے کیلئے بھی سپریم کورٹ کا فیصلہ پڑھیں۔
افتخار درانی نے ٹویٹر پر سپریم کورٹ کے فیصلے کی دستاویزات جاری کردیں۔فیصلے کے متن کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ ”تحریک انصاف کیخلاف فارن فنڈنگ کے مقدمے کی حقیقت کیا ہے اور رہزن کمیٹی کے دعووں میں کتنی صداقت ہے، حنیف عباسی کے کیس میں سپریم کورٹ کے جاری کردہ فیصلے کی روشنی میں خود دیکھ لیجئے۔ فیصلے کا متن حاضر ہے!
انہوں نے مزید کہا ”قومی خزانے پر نقب زنی کرکے جعلی اکاونٹس کا جال بننے والے بھلا پارٹی اکاونٹس کے ذریعے چوری کا پیسہ ٹھکانے لگانے کا موقع کیسے ضائع کرسکتے تھے۔
جعلی اکاونٹس کی طرح انہوں نے یہاں بھی قوم کومایوس نہیں کیااور پارٹی اکاونٹس کو”بے نامی"پیسے کی ریل پیل کا وسیلہ بنا چھوڑا۔تفصیلات پیش خدمت ہیں!