پنجاب حکومت کو بھی اربوں روپے کے سکوک بانڈز جاری کرنے کی اجازت مل گئی
اسلام آباد /لاہور(آئی این پی) وفاقی حکومت نے پنجاب حکومت کو سکوک بانڈ جاری کرنے کی اجازت دے دی،پنجاب حکومت 30 ارب روپے سے زائد کے مالیت کے سکوک بانڈ جاری کر سکے گی۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے پنجاب حکومت کو سکوک بانڈ جاری کرنے کی اجازت دے دی ہے جس کے تحت صوبائی حکومت 30 ارب روپے سے زائد کے مالیت کے سکوک بانڈ جاری کر سکے گی۔سکوک بانڈ کے اجرا کی اجازت ملنے کے بعد پنجاب حکومت وسائل بڑھانے اور کم شرح پر قرضہ حاصل کرسکے گی جب کہ ترقیاتی اسکیموں میں فنڈز بڑے پیمانے پر استعمال کیا جا سکے گا۔
حکومت پنجاب نے وفاقی حکومت سے اگست 2018سے بانڈ جاری کرنے کی اجازت مانگی تھی جب کہ صوبائی حکومت نے رواں مالی سال اب تک اسٹیٹ بینک یا مرکزی حکومت سے تاحال کوئی بھی قرضہ حاصل نہیں کیا۔سیکرٹری خزانہ پنجاب کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے سکوک بانڈ جاری کرنے کی اجازت ملنے کے بعد حکومت پنجاب سکوک بانڈ جاری کرنے سے متعلق پالیسی تیار کر رہی ہے۔