یاسر شاہ نے ایسا شرمناک ریکارڈ قائم کر دیا کہ آپ بھی برداشت نہ کر پائیں
برسبین (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز لیگ سپنر یاسر شاہ کرکٹ کی تاریخ میں دو مرتبہ آسٹریلیا میں 200 سے زائد رنز دینے والے پہلے باﺅلر بن گئے ہیں، انہوں نے برسبین میں جاری ٹیسٹ میچ میں 48.2 اوورز میں 205 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔
تفصیلات کے مطابق برسبین میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان جاری ٹیسٹ میچ میں یاسر شاہ نے 48.2 اوورز کرائے اور 205 رنز دیئے جبکہ انہوں نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔اس سے پہلے 2016ءمیں بھی یاسر شاہ نے میلبورن میں کھیلے گئے ٹیسٹ میں 41 اوورز میں 207 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کی تھیں، اگرچہ یہ ایک ان چاہا ریکارڈ ہے تاہم پاکستانی باﺅلر نے یہ ریکارڈ اپنے نام کر لیا ہے۔
دوسری جانب سری لنکا کے لیجینڈری باﺅلر مرلی دھرن نے آسٹریلیا میں کھیلتے ہوئے 200 سے زائد رنز دیئے تھے۔ آسٹریلیا کے فاسٹ باﺅلر بریٹ لی نے بھی 2004ءمیں سڈنی میں بھارت کے خلاف کھیلتے ہوئے 39.3 اوورز میں 201 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کی تھیں۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان برسبین میں جاری ٹیسٹ میچ میں آسٹریلوی ٹیم نے پہلی اننگز میں 580 رنز بنائے ہیں اور اسے پاکستان کیخلاف 340 رنز کی برتری حاصل ہے، پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پہلی اننگز میں صرف 240 رنز بنائے تھے۔