آدھے گھنٹے تک گاڑی چلانے والا کتا

آدھے گھنٹے تک گاڑی چلانے والا کتا
آدھے گھنٹے تک گاڑی چلانے والا کتا

  



نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) آپ نے فلموں میں کتوں کے گاڑی چلانے کے سین تو دیکھ رکھے ہوں گے لیکن آپ یہ سن کر دنگ رہ جائیں گے کہ امریکہ میں ایک کتا سچ مچ گاڑی میں بیٹھ گیا، اسے ریورس گیئر میںڈالا اور ایک دائرے میں آدھے گھنٹے تک گاڑی چلاتا رہا۔ سی این این کے مطابق یہ محیرالعقول واقعہ امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر پورٹ سینٹ لوسی میں پیش آیا جہاں کتے کے مالک نے اپنی گاڑی گھر کے باہر کھڑی کی اور لاک لگائے بغیر اندر چلا گیا۔

مالک کے اندر جانے کے بعد کتا ڈرائیونگ سیٹ پر جا بیٹھا اور گاڑی چلانی شروع کر دی۔ پارکنگ ایریا میں موجود سبول نامی ایک خاتون کا کہنا تھا کہ ”میں وہاں کھڑی تھی کہ گاڑی اچانک ریورس میں چلنی شروع ہو گئی۔ پہلے تو میں سمجھی کہ ڈرائیور گاڑی ریورس کر رہا ہے لیکن جب میں نے بغور دیکھا تو ڈرائیونگ سیٹ پر کتا بیٹھا ہوا تھا۔ “ رپورٹ کے مطابق سبول نے گاڑی کے مالک کو بلایا جس نے پہلے پولیس کو اطلاع دی ۔ پولیس نے آ کر آہستہ رفتار میں چلتی گاڑی کا دروازہ کھولا اور کتے کو باہر نکال کر گاڑی کو قابو میں کیا۔ سی این این کے مطابق اس آدھے گھنٹے کی ڈرائیونگ میں کتے نے صرف ایک میل باکس سے گاڑی ٹکرائی جس سے میل باکس ٹوٹ گیا اور گاڑی کو معمولی نقصان پہنچا۔سی این این کی نیوز اینکر نے کتے کے مہارت دیکھتے ہوئے مذاقاً کہا کہ ”اب پولیس کو چاہیے کہ اس کتے کو بھی ڈرائیونگ لائسنس دے دیں۔“

مزید : ڈیلی بائیٹس