معاشرہ کو منشیات جیسی موذی لعنت سے پاک کرنا وقت کی اشد ضرورت ہے:گورنرسندھ

معاشرہ کو منشیات جیسی موذی لعنت سے پاک کرنا وقت کی اشد ضرورت ہے:گورنرسندھ
معاشرہ کو منشیات جیسی موذی لعنت سے پاک کرنا وقت کی اشد ضرورت ہے:گورنرسندھ

  



کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن)گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ منشیات ہماری نوجوان نسل کو دیمک کی طرح کھا رہی ہے، معاشرہ کو منشیات جیسی موذی لعنت سے پاک کرنا اور نوجوان نسل کو اس سے محفوظ بنانا وقت کی اشد ضرورت ہے، والدین گھروں کے ماحول پر نظر رکھ کر اپنی نسل کو اس مرض سے محفوظ بناسکتے ہیں جبکہ منشیات سے بچاؤ اور عوام کو آگاہی فراہم کرنے کے لئے میڈیا کو بھی اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق سکولوں میں منشیات کی روک تھام میں کردار ادا کرنے کی خواہش مند رضاکار خواتین کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ عمران اسماعیل نےکہا کہ منشیات فروشوں کا اصل ہدف سکولز، کالجز اور یونیورسٹیز کے طلبہ ہوتے ہیں، اس لئے تعلیمی اداروں کے اطراف بھی اِن منشیات فروشوں پر سخت نظر رکھنا ہوگی اور اِن منشیات فروشوں کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کی بھی ضرورت ہے، اس ضمن میں حکومت متعلقہ اداروں کو ہر ممکن تعاون و مدد فراہم کررہی ہے۔ گورنرسندھ نے کہا کہ کراچی میں 6 ہزار سے زائد پرائیویٹ سکولز ہیں، ضرورت اس اَمر کی ہے کہ ہم پہلے مرحلے میں سکولز مالکان کو اِس پروگرام کے بارے میں آگاہی فراہم کریں جبکہ دوسرے مرحلے میں رینجرز کے بحالی سینٹرز میں موجود بچوں کو معاشرے کا کارآمد شہری بنانے کے لئے تربیت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ مہم کے لئے فنڈ ریزنگ کا اہتمام بھی کیا جائے۔ اس موقع پر ڈاکٹر مہ جبیں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مختلف این جی اوز کے تحت شہر میں قائم منشیات سے متاثرہ افراد کی بحالی کے سینٹرز کو بھی اس مہم میں شامل کیا جائے۔ اُنہوں نے مزید بتایا کہ منشیات سے متاثرہ افراد کی بحالی میں دواؤں کے علاوہ مشترکہ اور انفرادی طور پر ان کے ساتھ بات چیت کرنا اہمیت کا حامل ہے۔

مزید : علاقائی /سندھ /کراچی