حکومتی اشتعال انگیزبیانات کی وجہ سے جمہوریت کی گاڑی ڈی ریل ہوسکتی ہے:سراج الحق

حکومتی اشتعال انگیزبیانات کی وجہ سے جمہوریت کی گاڑی ڈی ریل ہوسکتی ہے:سراج ...
حکومتی اشتعال انگیزبیانات کی وجہ سے جمہوریت کی گاڑی ڈی ریل ہوسکتی ہے:سراج الحق

  



لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت کے اشتعال انگیزبیانات کی وجہ سے جمہوریت کی گاڑی ڈی ریل ہوسکتی ہے،حکمران اپنی نااہلی اور نالائقی کو چھپانے کیلئے سیاسی انتشار کو جان بوجھ کر ہوا دے رہے ہیں،اِس سیاسی انتشار کا سب سے زیادہ فائدہ ہندوستان اور نقصان کشمیرکوہورہا ہے،حکومت کوکشمیر کی تحریک آزادی کیلئےمتفقہ قومی موقف سے اِنحراف نہیں کرنے دیںگے،اسی لاکھ کشمیری111دنوں سے بدترین محاصرے کا شکار ہیں اورہمارےحکمرانوں نے مجرمانہ خاموشی اِختیارکررکھی ہے،ٹرمپ سے اُمیدیں رکھنے والوں کےہاتھ پہلےکچھ آیا ہے نہ آئندہ آئے گا،حکمرانوں کو ووٹ اور سپورٹ کرنے والے اَب اِن سے نجات کی دعائیں کررہے ہیں،حکومت کی ناکام معاشی پالیسیوں کی وجہ سے لوگ اَب جمہوریت کو کوستے ہیں ،اِن پالیسیوں کی وجہ سے رزق حلال کے دروازے بند ہوگئے ہیں اور عام آدمی نان شبینہ کا محتاج ہوگیا ہے۔

منصورہ میں جاری مرکزی تربیت گاہ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئےسینیٹر سراج الحق نے کہا کہ حکمرانوں کا رویہ شکست خوردگی کی علامت ہے،حکمرانوں نے 22کروڑ پاکستانیوں کے ساتھ ساتھ کشمیر یوں کو بھی سخت مایوس کیا ہے،اقوام متحدہ میں کئی گئی تقریر کو دوماہ ہونے کو آئے ہیں مگر کوئی ایک بھی عملی قدم نہیں اٹھایا گیا جو حکمرانوں کی سنجیدگی کا پتہ دیتاہو،ایک طرف مودی کشمیر پر اپنے قبضہ کو مستقل کرنے کیلئے روزانہ نئے اقدامات کررہا ہے ،حریت راہنماؤں کو جیلوں میں بند کرنے کے بعد اُن کی جائیدادوں پر بھی قبضہ کرلیا گیا ہے،مساجد اورمدارس کو مسمار کرکے اُن کی جگہ مندربنائےجارہے ہیں ،مسلمانوں کی یادگاروں کو ہندوؤں سے منسوب کیا جارہا ہے،پورے بھارت سے متعصب اور انتہا پسند ہندوؤں کو اکٹھا کر کے کشمیر میں بسایا جارہا ہے لیکن ہمارے گونگے بہرے حکمران یہ سب کچھ دیکھنے کے باوجو د ہاتھ پر ہاتھ دھرے خاموش بیٹھے ہیں ۔

اُنہوں نے کہا کہ اگر حکمرانوں نے جلد کوئی فیصلہ نہ کیا تو قوم انہیں برداشت نہیں کرے گی،قوم کل بھی کشمیریوں کے ساتھ تھی اور آج بھی ساتھ ہے ،حکمرانوں کو کشمیر کی تحریک آزادی سے بے وفائی کرنے والوں کا انجام یاد رکھنا چاہئے۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ حکمرانوں کا ایک ہی مقصد ہے کہ عوام کو نچوڑو اور آئی ایم ایف کو دو،جس طرح سابقہ حکمران آئی ایم ایف کے دَر کے محتاج تھے اِسی طرح موجودہ حکمران آئی ایم ایف کے مطالبے پورے کررہے ہیں،معیشت کا بیڑا غرق کرنے والے سابقہ اور موجودہ حکمرانوں کی معاشی پالیسیوں میں کوئی فرق نہیں،مہنگائی بے روز گاری اور بدامنی نے عوام کی زندگی اجیرن کردی ہے،حکومت نے عام آدمی سے زندہ رہنے کا حق چھین لیا ہے ،یہ مسافروں کا ٹولہ ہے جس نے پہلے بڑے بڑے دعوے کئے اور قوم کو سبز باغ دکھائے مگر اب تک اپنا کوئی ایک وعدہ پورا نہیں کرسکے ۔اُنہوں نے کہا قوم اب پر امن انقلاب کیلئے تیار ہوجائے،ملک و قوم کے تمام مسائل کا حل اسلامی انقلاب اور نظام مصطفی ۖﷺکے نفاذ میں ہے۔

مزید : قومی