ثانیہ مرزا نے اپنا ’ریکٹ‘ پاکستانی ٹینس سٹار اعصام الحق کو دیدیا مگر کیوں؟
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) بھارتی ٹینس سٹار ثانیہ مرزا نے اپنا ریکٹ پاکستانی ٹینس اسٹار اعصام الحق کی فاؤنڈیشن کے تحت چلائی گئی مہم سٹارز اگینسٹ ہنگر‘ کیلئے عطیہ کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اعصام الحق اور ثانیہ مرزا کی ملاقات دبئی میں ہوئی جس دوران قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور ان کے شوہر شعیب ملک بھی موجود تھے۔ بھارتی ٹینس سٹار ثانیہ مرزا نے اس موقع پر اعصام الحق کی امدادی مہم کیلئے اپنا دستخط شدہ ریکٹ عطیہ کیا۔
واضح رہے کہ ہفتہ کے روز دبئی میں پاکستان اور بھارت کے ٹینس سٹارز سے ملاقات ہوئی کیونکہ اعصام بلغاریہ میں صوفیہ اوپن کے دورے سے واپسی کے دوران متحدہ عرب امارات میں موجود تھے۔ پاکستانی ٹینس سٹار اعصام الحق نے کہا کہ ثانیہ مرزا نے میری مہم ’سٹارز اگینسٹ ہنگر‘ کیلئے اپنا ریکٹ عطیہ کر کے مہربان ہونے کا ثبوت دیا۔
خیال رہے کہ دنیا کے ٹاپ ٹینس سٹارز نے اعصام کے مشن میں اپنا حصہ ڈالتے ہوئے مختلف چیزیں عطیہ کی ہیں جن کو نیلام کیا جائے گا۔ ’سٹارز اگینسٹ ہنگر‘ مہم کے تحت سکواش لیجنڈ جہانگیر خان اپنا دستخط شدہ سکواش ریکٹ، شہباز احمد نے 1994ءورلڈ کپ کی ہاکی، عامر خان نے اپنے باکسنگ گلووز، شعیب ملک اور سرفراز احمد نے اپنی شرٹس اور شعیب اختر اور وسیم اکرم اپنی دستخط شدہ بالز عطیہ کرچکے ہیں۔