شنگھائی ایئرپورٹ پر ایک ملازم کا کورونا ٹیسٹ پازیٹو آنے پر افراتفری پھیل گئی، مناظر دیکھ کر پاکستانیوں کو یقین نہ آئے
بیجنگ(مانیٹرنگ ڈیسک) چین کے شنگھائی پڈونگ انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ایک ملازم کا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آنے پر پورے ایئرپورٹ پر افراتفری مچ گئی اور ایک کرفیو کی سی صورتحال پیدا ہو گئی۔ میل آن لائن کے مطابق ملازم کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد تمام عملے سمیت سینکڑوں مسافروں کو تہہ خانے میں اکٹھا کر لیا گیا اور حفاظتی لباس پہنے طبی عملہ ان کے نمونے لیتا رہا تاکہ سب کے کورونا ٹیسٹ کیے جائیں۔
رپورٹ کے مطابق ایک ویڈیو منظرعام پر آئی ہے جس میں لوگوں میں دھکم پیل ہو رہی ہوتی ہے اور پورا حفاظتی لباس پہلے سکیورٹی عملہ لوگوں کو تہہ خانے تک محدود رکھنے کی کوشش کر رہا ہوتا ہے۔ ایک اور ویڈیو میں لوگ تہہ خانے سے فرار ہونے کی کوشش کر رہے ہوتے ہیں۔ ژن ہوا نیوز ایجنسی کے مطابق ایئرپورٹ کے ملازم کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد کئی دن سے ایئرپورٹ پر آنے والے ہر شخص کا ٹیسٹ کیا جا رہا ہے۔ اب تک وہاں 17ہزار 700لوگوں کے ٹیسٹ ہو چکے ہیں جن میں ایئرپورٹ کا تمام عملہ بھی شامل ہیں۔ ان میں سے 11ہزار 500کے نتائج آ چکے ہیں اور ان سب کے ٹیسٹ منفی آئے ہیں۔ واضح رہے کہ شنگھائی میں رواں ماہ 6نئے مریض سامنے آئے ہیں اور ان سب کا تعلق اسی ایئرپورٹ سے ثابت ہوا ہے جس کے بعد سے ایئرپورٹ پر ایک ہنگامی صورتحال ہے اور ہر ایک کا ٹیسٹ کیا جا رہا ہے۔