اسلام آباد(آئی این پی)وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ ہماری معیشت کی کامیابی کا انحصار مضبوط برآمدی بنیاد پر ہے،تمام شعبے پاکستان کی مکمل تجارتی صلاحیت کو استعمال کرنے کیلئے ہم آہنگی سے کام کریں ہمیں عالمی سطح پر اپنے مارکیٹ شیئر کو بڑھانے کیلئے فیصلہ کن طور پر کام کرنا چاہیے اور اس بات کو یقینی بنانا چاہیے کہ ہماری برآمدات معاشی ترقی کا محرک بنیں۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان کے سہ ماہی تجارتی اعدادوشمار کا جائزہ لینے کیلئے ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ جاری اعلامیہ کے مطابق وفاقی وزیر تجارت کو اجلاس میں بین الاقوامی تجارت کے تازہ ترین رجحانات اور برآمدات کو بڑھانے کیلئے وضع کی جانیوالی حکمت عملیوں کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ اجلاس میں کامرس حکام نے اہم تجارتی شراکت داروں کیساتھ تجارتی کارکردگی کا ایک جامع جائزہ فراہم کیا، ابھرتی ہوئی برآمدی منزلوں اور نئی متعارف کرائی گئی برآمدی اشیا کے بارے میں وفاقی وزیر کو آگاہ کیا بریفنگ میں مارکیٹ تک رسائی کو بڑھانے اور تجارت میں تکنیکی رکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے عملی تجاویز کا بھی احاطہ کیا گیا، پاکستانی مصنوعات کو عالمی منڈیوں تک پہنچنے کو یقینی بنانے کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں بیرونی عوامل کے اثرات، جیسے عالمی اقتصادی اتار چڑھاو اور جغرافیائی سیاسی غیر یقینی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، ان چیلنجوں کو کم کرنے اور برآمدات کی ترقی کو برقرار رکھنے کی حکمت عملیوں کو غور کیلئے پیش کیا گیا کامرس افسران کی کاؤشوں کو سراہتے ہوئے جام کمال نے وزیر اعظم کے برآمدات پر مبنی ترقی کی حکمت عملی کے ویژن کو آگے بڑھانے میں وزارت تجارت کے مرکزی کردار پر زور دیا۔ اجلاس میں تجارتی رکاوٹوں پر قابو پانے اور برآمدات کے ذریعے پائیدار اقتصادی ترقی کے حصول کے لیے ایک متفقہ نقطہ نظر کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
جام کمال